اُتراکھنڈ کے جوڑے کی بوگل کنٹہ میں خودکشی

گھریلو تنازعات سے دلبرداشتہ میاں بیوی کا یکے بعد دیگرے اقدام
حیدرآباد۔ 27 مئی (سیاست نیوز) قلب شہر نارائن گوڑہ کے علاقہ بوگل کنٹہ میں پیش آئے ایک واقعہ میں اُتراکھنڈ سے تعلق رکھنے والے جوڑے نے آج خودکشی کرلی۔ تفصیلات کے مطابق 40 سالہ پیار سنگھ نیگی نے جو جیا انٹرنیشنل ہوٹل عابڈز میں شیف کی حیثیت سے کام کرتا تھا ، اس کی بیوی ریکھا دیوی اور دو بچوں کے ساتھ 10 سال قبل روزگار کی تلاش میں حیدرآباد منتقل ہوا تھا اور 4 سال قبل علاقہ بوگل کنٹہ میں کرایہ پر مکان حاصل کیا تھا۔ سب انسپکٹر پولیس نارائن گوڑہ کروناکر ریڈی نے کہا کہ پیار سنگھ اور ریکھا دیوی کے درمیان اکثر بحث و تکرار ہوا کرتی تھی اور کل رات دیر گئے دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا۔ گھریلو تنازعات سے دلبرداشتہ ہوکر ریکھا دیوی نے پھانسی لے کر خودکشی کرلی اور بیوی کی موت کے بعد پیار سنگھ نے بھی اپنے مکان میں پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ آج صبح 9 بجے پیار سنگھ کا 11 سالہ بیٹا سچن نیگی نے اپنے مانباپ کو پھانسی پر لٹکا ہوا دیکھ کر مالک مکان کو اس کی اطلاع دی اور نارائن گوڑہ پولیس کو اس سلسلے میں آگاہ کیا گیا۔ پولیس کی ایک ٹیم نے جائے واقعہ پر پہنچ کر سراغ رسانی دستہ کو طلب کیا۔ دونوں کی نعشوں کو نارائن گوڑہ پولیس نے بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا اور اس ضمن میں ایک مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔