اَڈانی کوئلہ اور ریل پراجیکٹ کی منظوری

نئی دہلی ۔30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت ِ آسٹریلیا نے اڈانی مائننگ کی 16 ارب 50 کروڑ امریکی ڈالرس مالیتی کارمیچیل کوئلہ کان اور ریلوے اِنفراسٹرکچر پراجیکٹ کوئنس لینڈ کی منظوری دے دی ہے۔ آسٹریلیا کے ہائی کمشنر برائے ہندوستان پیٹرک سکلنگ نے کہا کہ حکومت کے اس فیصلے سے آسٹریلیا کی جانب سے ہندوستان کے ساتھ کاروبار کے لئے کُھلا ذہن اور غیرملکی سرمایہ کاری کے استقبال کا اظہار ہوتا ہے ۔ یہ منفرد پراجیکٹ معاشی فروغ کی وجہ بنے گا اور آسٹریلیا میں 6 ہزار سے زیادہ ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے، جس سے ہندوستان کی ترقی بھی تیز رفتار ہوجائے گی اور تقریباً 10 کروڑ ہندوستانیوں کو برقی توانائی سربراہ کی جاسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے وسائل کے شعبہ میں زبردست امکانات موجود ہیں اور حکومت ایک پرعزم تجارت اور سرمایہ کاری کے پروگرام پر عمل کررہی ہے تاکہ محفوظ پراجیکٹس کو یقینی بنایا جاسکے جن سے آئندہ نسلوں کی دولت اور خوشحالی میں اضافہ ہوگا۔

ٹیکس نادہندگان کے ساتھ
کوئی رعایت نہیں
نئی دہلی ۔ 30 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے کالے دھن کا پتہ چلانے کیلئے کسی بھی قسم کی ٹیکس رعایتوں کی اسکیم کے امکان کو مسترد کردیا اور کہا کہ اگر یہ اسکیم لائی گئی تو دیانتدار ٹیکس دہندگان سے ناانصافی ہوگی۔ حکومت نے متنازعہ جی اے اے آر پر نظرثانی کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے مغربی بنگال ، بہار ، اڈیشہ اور پنجاب جیسی ریاستوں کے مطالبہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ریاستیں خصوصی پیاکیجس کیلئے زور دے رہی ہیں۔ ان کی حکومت فینانس کمیشن کی رپورٹ وصول ہونے کے بعد قرض میں ڈوبی ہوئی ریاستوں کے مطالبہ پر خصوصی نظرثانی کرے گی ۔