او سی کے بغیر حصول آب پر بھاری جرمانہ

حیدرآباد 29 اپریل (سیاست نیوز) آبرسانی بورڈ کے عہدیداروں نے وضاحت کی ہے کہ او سی یعنی اکوپنسی سرٹیفکٹ کے بغیر اگر کوئی مکین پانی حاصل کرے گا تو اس پر تین گنا بلنگ ٹیکس بطور جرمانہ عائد کیا جائے گا جن کے مکان کا رقبہ 100 مربع میٹر سے زیادہ ہوگا۔ عام طور پر صارفین میں یہ غلط فہمی ہے کہ او سی کے بغیر داخل ہونے والی آبی کنکشن کی درخواستیں مسترد کردی جارہی ہیں جبکہ یہ خیال بالکل غلط ہے۔ بورڈ ہر اہل درخواست گزار کو کنکشن کی منظوری دے رہا ہے۔ صرف اُن لوگوں کو بغیر ’’او سی‘‘ درخواست داخل کرتے ہیں اُن کو ’’تین گنا‘‘ بلنگ کا جرمانہ ماہانہ ادا کرنا ہوگا اور جس وقت بھی ’’او سی‘‘ داخل کیا جائے گا اُس ماہ سے اُس ’’صارف‘‘ کو عام بلنگ زمرہ کے تحت ادائیگی میں شمار کیا جائے گا۔ یہ بات حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ نے بتائی۔ اس ضمن میں ایچ ایم ڈبلیو ایس اینڈ ایس بی نے صارفین سے خواہش کی ہے کہ آبی کنکشن کے نئے درخواست گزار جو زائداز 100 مربع میٹر کا پلاٹ رکھتے ہوں وہ مجلس بلدیہ کے جاری کردہ ’’او سی‘‘ کے ساتھ داخل کریں۔