اوپن اسکول ایس ایس سی و انٹر میڈیٹ کے امتحانات کا شیڈول

4 مئی سے آغاز ، تیاریاں مکمل ، ڈائرکٹر سوسائٹی کی عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اپریل : ( این ایس ایس ) : ڈائرکٹر تلنگانہ اوپن اسکول سوسائٹی حیدرآباد مسٹر ایس وینکٹیشورا شرما کے بموجب اوپن اسکول کے ایس ایس سی اور انٹر میڈیٹ ( ٹی او ایس ایس ) کے پبلک امتحانات کا آغاز 4 مئی کو ہوگا جو کہ 12 مئی تک دو سیشن میں صبح 9-30 تا 12-30 بجے دن اور دوپہر 2 تا 5 بجے شام کے درمیان جاری رہیں گے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پرنسپال سکریٹری کی ہدایت پر ڈائرکٹر تلنگانہ اوپن اسکول سوسائٹی نے جمعرات کو ایک ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ریجنل جائنٹ ڈائرکٹرس آف اسکول ایجوکیشن ، ضلعی سطح کے آبزرورس ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسرس ڈسٹرکٹ ووکیشنل ایجوکیشن آفیسرس ، ریجنل انسپکشنگ آفیسرس ، ڈسٹرکٹ کوآرڈینٹرس ، کسٹوڈین ، چیف سپرنٹنڈنٹ اور محکمہ تعلیمات کے دیگر عہدیداروں نے اس میں حصہ لیا ۔ ڈائرکٹر نے امتحانات کے انتظامات سے آگہی حاصل کی اور اس بات کی ہدایت دی کہ امتحانات کو پرامن اور شفاف طریقہ سے منعقد کریں ۔ ڈائرکٹر کے بموجب ایس ایس سی امتحانات میں 53 ہزار 598 جب کہ انٹر میڈیٹ امتحانات میں 58 ہزار 566 امیدوار امتحانات میں شرکت کریں گے ۔ ایس ایس سی کے لیے 205 اور انٹر کے لیے 201 امتحانی مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ۔ محکمہ کی جانب سے ضلعی سطح پر 52 عدد فلائنگ اسکارڈس مقرر کئے گئے جب کہ ضلعی سطح پر آبزرورس کی تعداد 10 رہے گی جس کو ڈائرکٹر آف اسکول ایجوکیشن تقرر کریں گے ۔ سوسائٹی کے تحت قائم تمام اسٹیڈی سنٹرس کو ہال ٹکٹس جاری کردئیے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ ٹی او ایس ایس کے ویب سائٹ telanganaopenschool.org سے بھی ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے متعلقہ اسٹڈی سنٹرس سے ربط کر کے ہال ٹکٹس حاصل کرلیں ۔۔