اوٹکور پنچایت کے 16 وارڈ ممبرس میں 5 مسلم نمائندے منتخب

دیور کدرہ، نارائن پیٹ ، مکتھل، گدوال اور محبوب نگر کے اقلیتوں میں خوشی و مسرت کی لہر

دیور کدرہ۔/24 جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اوٹکور گرام پنچایت انتخابات میں 16 وارڈس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے 16 نمائندے منتخب ہوئے ہیں۔جبکہ مجلس اتحادالمسلمین اور ٹی آر ایس کے تائیدی امیدوار مسٹر سی سوریہ پرکاش ریڈی 1767 ووٹوں کی اکثریت سے شاندار کامیابی حاصل کرکے سرپنچ منتخب ہوئے ہیں۔ اوٹکور گرام پنچایت کے 16 وارڈس میں بی جے پی نے 7 امیدواروں کو اور ٹی آر ایس نے بھی 7امیدواروں کو منتخب کروایا ہے۔ جبکہ مجلس اتحادالمسلمین نے اپنے 2 امیدواروں کو شاندار کامیابی دلوانے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ اس طرح اوٹکور گرام پنچایت میں 7 مرد اور 9 خواتین وارڈ ممبرس کی حیثیت سے انتخاب عمل میں آچکا ہے۔ مرد وارڈ ممبرس میں بی جے پی سے تعلق رکھنے والے 3ممبرس رگھویر، سری کانت اور اشوک ہیں۔ اور ٹی آر ایس پارٹی سے تعلق رکھنے والے 3 ممبرس محمد سمیع، عبادالرحمن اور نرسمہا راجو ہیں اور مجلس اتحادالمسلمین کے واحد مرد امیدوار محمد اسمعیل ہیں۔ اس طرح جملہ 7مرد ہیں جبکہ بی جے پی خواتین وارڈ ممبرس روپا، ایشورما، بی لکشمما اور ملے پلی لکشمی ہیں ۔ ٹی آر ایس کے خواتین ممبرس ایم ہیما لتا، سوپنا، اختر النساء بیگم اور ساتروماں ہیں۔ جبکہ مجلس اتحادالمسلمین سے تعلق رکھنے والی واحد خاتون رکن شہناز بیگم ہیں۔ اس طرح ٹی آر ایس پارٹی سے تعلق رکھنے والے مسلم نمائندے محمد سمیع، عباد الرحمن اور اختر النساء بیگم ہیں اور مجلس اتحادالمسلمین کے شاندارکامیابی حاصل کرنے والے محمد اسمعیل اور شہناز بیگم ہیں ۔ ٹی آر ایس سے عبادالرحمن کلوال نے وارڈ نمبر 13 محلہ سلمیٰ نگر سے کانٹے کے مقابلے میں 7 ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے نائب سرپنچ کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ اس لئے اوٹکور کے گرام پنچایت میں 5 مسلم نمائندے منتخب ہونے پر دیور کدرہ، نارائن پیٹ، مکتھل، گدوال، ونپرتی، آتما کور، کوسگی ، تانڈور اور محبوب نگر کے اقلیتوں میں خوشی و مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے اور سیل فونوں کے ذریعہ مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔