اوورسیز اسکالر شپس اسکیم کے تحت بیرونی ممالک میں اضافہ کی تجویز

تین برسوں میں 55991 درخواست گذاروں میں 285 کروڑ روپیوں کا خرچ
حیدرآباد۔ یکم جون (سیاست نیوز) بیرونی ممالک میں اعلی تعلیم کے حصول کے لیے اقلیتی طلبہ کو حکومت کی جانب سے دی جانے والی اسکالرشپ کے تیسرے مرحلہ پر عمل آوری کا سلسلہ جاری ہے۔ اوورسیز اسکالرشپ اسکیم کے تحت جاریہ سال حکومت نے تعلیمی امداد کے رقم کو 10 لاکھ روپئے سے بڑھاکر 20 لاکھ کردیا۔ اس کے علاوہ منتخب طلبہ کو ایک طرف کا فضائی کرایہ بھی دیا جاتا ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے بتایا کہ 2017-18ء میں 6 کروڑ روپئے جاری کئے گئے اور تمام ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ منتخب طلبہ میں یہ رقم جاری کریں۔ تیسرے مرحلہ کے تحت 136 طلبہ کا انتخاب کیا گیا جس میں 28 طلبہ کو فضائی کرایہ کے طور پر 13 لاکھ 26 ہزار 390 روپئے جاری کئے گئے جبکہ پہلی قسط کے طور پر 15 طلبہ میں ایک کروڑ 50 لاکھ روپئے جاری کئے گئے ہیں۔ عمر جلیل کے مطابق دیگر منتخب طلبہ کو رقومات کی اجرائی کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں 226 طلبہ کا انتخاب کیا گیا تھا جن میں 221 طلبہ کو فضائی کرایہ ادا کیا گیا۔ 223 طلبہ کو پہلی قسط اور 214 طلبہ کو دوسری قسط بھی جاری کی گئی۔ دوسرے مرحلہ میں منتخب 226 طلبہ میں 210 کو فضائی کرایہ ادا کیا گیا جبکہ پہلی قسط 223 طلبہ اور دوسری قسط 209 طلبہ کو جاری کی گئی۔ ابتدائی دو مراحل میں اسکالرشپ کی رقم 10 لاکھ روپئے تھی اور یہ رقم دو مرحلوں میں جاری کی گئی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود کے مطابق تیسرے مرحلے کے منتخب طلبہ کو پہلی قسط کی اجرائی کا سلسلہ جاری ہے ۔ ضروری امور کی تکمیل کے بعد یہ رقم جاری کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک تین مراحل میں 588 طلبہ اس اسکیم سے استفادہ کرچکے ہیں اور پہلی قسط کے طور پر 23 کروڑ 69 لاکھ 52 ہزار 195 روپئے جاری کئے گئے جبکہ دوسری قسط کے طور پر 423 طلبہ میں 21 کروڑ 20 لاکھ 57 ہزار 919 روپئے جاری کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے بیرونی ممالک کی تعداد میں اضافہ کی تجویز پیش کی گئی ہے تاکہ اقلیتی طلبہ زیادہ سے زیادہ غیر ملکی یونیورسٹیز میں تعلیم حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت تاحال 47 کروڑ 35 لاکھ روپئے جاری کئے گئے ہیں۔ عمر جلیل نے بتایا کہ شادی مبارک اسکیم کے تحت گزشتہ تین برسوں میں 55991 درخواست گزاروں میں 285 کروڑ 55 لاکھ روپئے جاری کئے گئے۔ غریب لڑکیوں کی شادی کے موقع پر فی کس 51 ہزار روپئے کی امداد کے تحت اس اسکیم کا آغاز کیا گیا تھا۔ 2 اکٹوبر 2014ء کو اس کا آغاز ہوا۔ جاریہ سال حکومت نے اسکیم کی امدادی رقم کو بڑھاکر 75 ہزار روپئے کردیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے سال 5779 درخواست گزاروں میں 29 کروڑ 47 لاکھ روپئے تقسیم کئے گئے۔ 2015-16ء میں 27453 درخواست گزاروں میں 140 کروڑ روپئے جاری کئے گئے۔ 2016-17 ء میں 22759 درخواستوں کو اہل قرار دیا گیا اور 116 کروڑ روپئے جاری کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ شادی مبارک اسکیم کی زیر التوا درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کریں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ تحصیلدار کے ذریعہ درخواستوں کی جانچ کا اہتمام کیا جارہا ہے تاکہ حقیقی مستحقین کا انتخاب کیا جاسکے۔