اوورسیز اسکالرشپس اسکیم ملک میں مثالی

ایک لاکھ 12ہزار جائیدادوں پر تقررات کیلئے حکومت پابند عہد : چیف منسٹر
حیدرآباد ۔ 30۔ اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے دعویٰ کیا ہے کہ اقلیتوں اور کمزور طبقات کے طلبہ کیلئے تلنگانہ میں شروع کردہ اوورسیز اسکالرشپ اسکیم ملک کی کسی اور ریاست میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وعدہ کے مطابق ایک لاکھ 12 ہزار جائیدادوں پر تقررات کے اقدامات کئے جائیں گے اور حکومت اپنے عہد کی پابند ہے۔ وقفہ سوالات کے دوران اوورسیز اسکالرشپ اسکیم برائے درج فہرست اقوام سے متعلق سوال کے دوران مداخلت کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کانگریس پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اسکیمات کی ستائش کے بجائے صرف تنقیدوں سے کچھ نہیں ہوگا۔ حکومت نے اوورسیز اسکالرشپ اسکیم کے تحت اقلیتوں ایس سی ، ایس ٹی اور بی سی طبقات کے طلبہ کیلئے جو اسکیم شروع کی ہے ، ملک کی کوئی اور ریاست یا مرکزی حکومت ایسی مثال پیش نہیں کرسکتی۔ اس اسکیم کے تحت 10 لاکھ روپئے کی رقم کو بڑھاکر 20 لاکھ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت تمام درخواست گزاروں کو اسکالرشپ فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ اسکیم کیلئے درکار نشانات کم ہونے کی صورت میں خود انہوں نے بعض طلبہ کیلئے محکمہ سے سفارش کی ہے ۔ مذکورہ اسکیم سے تمام طبقات کے طلبہ کافی مطمئن ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں سرکاری ملازمین کی تعداد 4 لاکھ ہے اور اسی کی مناسبت سے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ 12 ہزار جائیدادوں پر تقررات کے عہد پر حکومت قائم ہے بلکہ اس تعداد سے کہیں زیادہ تقررات کی امید ہے۔ انہوں نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ وہ تعمیری تجاویز پیش کرے۔ چیف منسٹر نے مختلف طبقات کیلئے اقامتی اسکولوں کے قیام کا حوالہ دیا اور کہا کہ حکومت ہر طالب علم پر سالانہ ایک لاکھ 20 ہزار روپئے خرچ کر رہی ہے۔ ان اسکولوں میں مفت تعلیم کے علاوہ تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ ایس سی ، ایس ٹی اور بی سی طبقات کے علاوہ اقلیتوں کیلئے یہ اسکولس قائم کئے گئے۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن پر کانگریس کی تنقیدوں کی مذمت کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ کمیشن کے موجودہ صدرنشین ڈاکٹر جی چکر پانی نے جو اصلاحات متعارف کی ہے ، اس کا یونین پبلک سرویس کمیشن نے اعتراف کیا اور انہیں یونین پبلک سرویس کمیشن کی اسٹانڈنگ کمیٹی کا صدرنشین مقرر کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کانگریسی ارکان کو اپنے رویہ میں تبدیلی لانے کا مشورہ دیا اور کہا کہ ارکان کو اپنے معیار کو بلند کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ اس سوال کے تحریری جواب میں وزیر برقی جگدیش ریڈی نے بتایا کہ ابھی تک امبیڈکر اوورسیز اسکیم کے تحت 496 ایس سی، ایس ٹی طلبہ کو فائدہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایس سی طلبہ کے لئے 36.23 کروڑ اور ایس ٹی طلبہ کیلئے 9.85 کروڑ جاری کئے گئے۔