اوما بھارتی، فرنویس ،پاسوان ’’ اتحاد کیلئے دوڑ ‘‘ میں شریک

لکھنؤ۔/31اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر برائے آبی وسائل اوما بھارتی نے ملک کے پہلے وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کے 139 ویں یوم پیدائش کے موقع پر ’’ اتحاد کیلئے دوڑ ‘‘ میں حصہ لیا جو شہید اسمارک سے شروع ہوا اورحضرت گنج میں جی پی او کے قریب ولبھ بھائی پٹیل کے مجسمہ کے قریب ختم ہوا۔ دوڑ کے دوران اس وقت صورتحال تھوڑی دیر کیلئے بگڑ گئی جب دوڑتے دوڑتے اوما بھارتی اپنا توازن کھو بیٹھی تھیں لیکن فوراً سنبھل گئیں۔ بعد ازاں انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے گھٹنوں میں معمولی سی تکلیف ہے جس کی وجہ سے انہیں دوڑنے میں تھوڑی مشکل ہوئی۔ ممبئی سے ملنے والی خبروں کے مطابق سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یوم پیدائش کو راشٹریہ ایکتا دیوس کے طور پر منایا جارہا ہے جہاں گورنر سی ایچ ودیا ساگر راؤ نے ’’ اتحاد کیلئے دوڑ‘‘ کو ہری جھنڈی دکھائی۔ اس دو کیلو یٹر طویل دوڑ کی قیادت مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کی جبکہ مرکزی وزیر پرکاش جواڈیکر، پیوش گوئل اور راؤ صاحب ڈانوے بھی دوڑ میں شامل تھے۔

دوڑ کا آغاز نریمان پوائنٹ میں واقع مشہور ایر انڈیا بلڈنگ سے ہوا ، اور میرین ڈرائیو پر واقع پارسی جمخانہ میں دوڑ اختتام پذیر ہوئی۔ حاجی پور سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق مرکزی وزراء رام ولاس پاسوان اور اُپندر کشواہا نے بھی ’ مرد آہن‘ آنجہانی ولبھ بھائی پٹیل کے یوم پیدائش پر وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے شروع کی گئی مہم’’ اتحاد کیلئے دوڑ‘‘ میں حصہ لیا۔ اس موقع پر پاسوان کے فرزند و ایل جے پی ایم پی چراغ پاسوان نے ضلع سطحی بی جے پی قائدین کے ساتھ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ ’’ اتحاد کیلئے دوڑ ‘‘ میں حصہ لیا۔ پاسوان نے عوام کو ملک کے اتحاد کا حلف دلایا۔ یاد رہے کہ ایل جے پی اور کشواہا کی راشٹریہ لوک سمتا پارٹی این ڈی اے میں بی جے پی کی حلیف جماعتیں ہیں۔ اس موقع پر پاسوان اور کشواہا نے عوام کو وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے شروع کئے گئے سوچھ بھارت ابھیان کے بارے میں بھی یاد دلاتے ہوئے صاف صفائی پر توجہ دینے پر زور دیا۔ ممبئی میں ’’ اتحادکیلئے دوڑ ‘‘ میں شرکاء کی سب سے زیادہ تعداد دیکھی گئی۔