اولیاء اللہ کے مراتب بغیر کوشش و مجاہدے کے محال

عرس تقاریب حضرت پہلوان شاہ ولیؒ شاہ آباد سے علماء مشائخ کے خطاب
حیدرآباد /31 مارچ ( راست ) اولیاء اللہ انبیاء کرام و صحابہ کے بعد روئے زمین کی مقدس و پاکباز ہستیاں ہیں جن کو حق سبحانہ و تعالی نے اپنے لئے دوست قرار دیا اور انہیں سوائے خوف خدا کے سبھی خوف سے اور سوائے منازل قربت کے حزن کے ہمہ اقسام کے حزن سے آزاد و بے نیاز کردیا ہے ۔ سالانہ جلسہ فیضان اولیاء اللہ بضمن سہ روزہ تقاریب عرس قطب زماں حضرت سید پہلوان شاہ ولیؒ ( شاہ آباد منڈل رنگاریڈی ضلع ) سے مولانا سید شاہ عزیز اللہ قادری نقشبندی  نے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ مولانا محمد فریدالدین قادری نقشبندی محمودی نے کہا کہ اولیاء اللہ جن مراتب پر فائز ہوتے ہیں وہ بغیر کوشش و مجاہدے کے محال ہے ۔ چنانچہ ایک ولی کو فنافی اللہ کی منزل تک پہونچنے کیلئے فنافی الرسول اور اس سے قبل فنافی الشیخ کی منازل کو طئے کرنا پڑتا ہے ۔ مولانا ڈاکٹر سید صدیق محمودی المعروف مشہور پاشاہ نے کہا کہ لوگ جب بڑی حد تک دین سے دور ہوتے جاتے ہیں انہیں دنیا کی مشکل سے مشکل ترین چیزیں سمجھ آتی ہیں لیکن دین کی کوئی بات ان کے پلے نہیں پڑتی ۔ مولانا صابر حسین قادری محمودی ، مولانا قاری محمد سعید الدین قادری محمودی ، مولانا محمد مسعود احمد نظامی ، مولانا حارث رضا نے بھی مخاطب  الحاج محمد غوث محی الدین نقشبندی کی قرات کلام پاک سے تقاریب عرس کا آغاز ہوا ۔ الحاج محمد عقیل احمد پٹواری ، قاری محمد احسن علی احتشام شاذل ، حافظ تجمل احمد نقشبندی ، محمد ساجد عطاری ، نواب مظہرالدین خان نے نعت پیش کی ۔ مولانا سید مدثر احمد قادری نقشبندی ملتانی نے فرائض نظامت انجام دئے ۔ مولوی عبدالرشید نے شکریہ ادا کیا ۔ محمد عبدالمتین ، محمد مرتضی علی ، محمد عمران ، سید ایوب احمد ، محمد عظیم ، محمد واجد ، ڈاکٹر محمد عمران ،محمد خالد ، محمد سعید و دیگر نے مہمانوں کا استقبال کیا ۔ اس موقع پر نریندر ریڈی ( وزیر ٹرانسپورٹ ) اور مہیندر ریڈی ( ایم ایل سی ) نے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔