اولیاء اللہ کے آستانے رحمت کے خزانے ہیں

مرکزی جلسہ فیضان خواجہ غریب نوازؒ سے مولانا سید شجاعت علی سراج قادری کا خطاب
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اپریل : ( راست ) : حضور سیدنا خواجہ غریب نوازؒ کی ذات مقدسہ ساری انسانیت کے لیے اللہ سبحانہ تعالیٰ کی لازوال نعمت خاص ہے ۔ آپؒ برصغیر ہندو پاک کے مسلمانوں کے لیے ایسے عظیم محسن ہیں کہ تمام انسانوں کی ہدایت اور تبلیغ اسلام کے لیے سید المرسلین خاتم النبیین سرکار سیدنا محمد مصطفی ﷺ نے خواجہ غریب نوازؒ کا انتخاب اور برصغیر ہند و پاک کی ولایت عطا کی ۔ اس لیے آپ کو عطائے رسول کہا جاتا ہے ۔ وارث النبی ہندالولی کے القاب سے یاد کیا جاتا ہے ۔ سرکار دو عالم ﷺ نے جس ذات گرامی کو دین مبین کی اشاعت ، تشہیر ، تبلیغ و تعلیم کے لیے روانہ فرمایا۔ حضور خواجہ غریب نوازؒ نے اپنی روحانی بصیرت سے اسلام کی حقانیت و صداقت کے چراغ روشن کئے ۔ کئی سرکش گمراہ لوگوں کو اسلام کی دولت سے مالا مال فرمایا ۔ حضور خواجہ غریب نوازؒ امام اعظم ابوحنیفہؓ کے مقلد و پیرو ہیں ۔ آپ کا باطل فرقوں سے کوئی تعلق نہیں ۔ حضور غریب نوازؒ اہل سنت و جماعت کے امام ، پیشوا و ولی کامل ہیں ساری دنیا میں سنی عقائد کو عام فرمایا ۔ آپ کے مریدین و خلفاء نے ساری دنیا میں علم و معرفت کی شمع روشن کردی ۔ اسلام کا تحفظ عقائد حق کی صیانت فرمائی ۔ آج بھی حضور خواجہ غریب نوازؒ کی درگاہ شریف سے لاکھوں لوگ فیض حاصل کررہے ہیں ۔ اپنی مرادیں پا رہے ہیں اولیاء اللہ کے آستانے رحمت کے خزانے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار مولاناسید شجاعت علی سراج قادری صدر کل ہند مرکزی مجلس اہل سنت و جماعت مرکزی جلسہ فیضان خواجہ غریب نوازؒ سے جامع مسجد افضل گنج میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسہ کا آغاز مولانا حافظ محمد امجد نقشبندی کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ اکولہ مہاراشٹرا سے تشریف لائے ممتاز شاعر جناب ساجد نقشبندی نے اپنے مخصوص انداز میں نعت شریف اور حضور خواجہ غریب نوازؒ کی شان میں منقبت پیش کر کے سماں باندھ دیا ۔۔