اوقاتِ رائے دہی میں دو گھنٹے اضافہ

نئی دہلی۔ 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن نے آج مجوزہ لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کیلئے رائے دہی کے وقت میں 2 گھنٹے کا اضافہ کردیا ہے۔ اب عوام صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک حق رائے دہی سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ نکسلائیٹس سے متاثرہ علاقوں میں رائے دہی کے اوقات 7 بجے سے 4 بجے دن تک ہوں گے۔

یشونت سنہا کے بیٹے اور پرمودمہاجن کی بیٹی کو بی جے پی ٹکٹ
نئی دہلی۔ 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے 100 امیدواروں کی فہرست کو قطعیت دے دی ہے جن میں سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا کے فرزند جیئنت سنہا اور آنجہانی پرمود مہاجن کی دختر پونم مہاجن بھی شامل ہیں۔ لوک سبھا میں قائد اپوزیشن سشما سوراج مدھیہ پردیش میں ویدیشا حلقہ سے مقابلہ کریں گی۔ سابق آر جے ڈی لیڈر رام کرپال یادو جنہوں نے آج بی جے پی میں شمولیت اختیار کی، انہیں لالو پرساد کی دُختر میسا بھارتی کے خلاف پاٹلی پتر سے امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔