’’اوباما کے بعد امریکہ میں خانہ جنگی چھڑجائے گی‘‘!، 13 دلچسپ پیش قیاسیاں

واشنگٹن ۔ 3 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ایک ایسے وقت جب ڈونالڈ ٹرمپ کے عجیب و غریب نظریات اور فیصلوں سے امریکہ اور امریکیوں کے مستقبل کے بارے میں مختلف سوالات اٹھنے لگے ہیں، کئی امریکیوں کو بلغاریہ کی پراسرار خاتون بابا ونگا کی بعض پیش قیاسیاں یاد آنے لگی ہیں۔ بلقان کی نوستراد مس کہلائی جانے والی مقدونیہ کی یہ پراسرار خاتون 1996ء میں فوت ہوچکی ہے لیکن موت کے 20 سال بعد بھی اس کی کئی پیش قیاسیاں سچ ثابت ہوچکی ہیں جن میں 2001ء میں امریکی ٹوئین ٹاور پر دہشت گرد حملہ، 2004ء میں سونامی، بعدازاں داعش کا عروج وغیرہ بھی شامل ہیں۔ دوسری عالمی جنگ کے دوران بھی اس نابینا خاتون کی کئی پیش قیاسیاں حرف بہ حرف درست ثابت ہوئی ہیں۔ مقدونیہ میں پیدا ہوئی باباونگا کا اصل نام وانگیلیا پاندیوا دیمترووا تھا اس نے سال 2016ء اور مستقبل کیلئے 13 پیش قیاسیاں کی تھی۔
بارک اوباما امریکہ کے آخری صدر ہوں گے : امریکہ کے بارے میں یہ پیش قیاسی کی تھی کہ اس ملک کا 44 واں صدر سیاہ فام ہوگا اور یہ بھی کہا تھا کہ وہ (سیاہ فام) ہی امریکہ کا آخری صدر بھی ہوگا۔ بابا ونگا کے مطابق وہ (سیاہ فام امریکی صدر) ایک ایسے وقت اقتدار سے سبکدوش ہوگا جب اس کا ملک بدترین مالی بدحالی سے دوچار ہوگا۔ نیز شمالی و جنوبی ریاستوں کے درمیان شدید اختلافات رہیں گے جس طرح 1930 اور اس سے پہلے کی امریکی خانہ جنگی کے دوران تھے اور امریکہ بکھر جائے گا۔
یوروپ کا وجود نہیں رہے گا : بابا ونگا نے یہ پیش قیاسی بھی کی تھی کہ 2016ء کے بعد یوروپی براعظم کا وجود باقی نہیں رہے گا۔ وہاں اگر کچھ باقی رہے گا تو خالی جگہ اور بنجر و بیکار زمینات ہوں گی۔
یوروپ پر مسلمانوں کا قبضہ : پراسرار نابینا خاتون نے اپنی موت سے قبل یہ پیش قیاسی بھی کی تھی کہ یوروپ پر مسلمانوں کا قبضہ ہوجائے گا۔ اس براعظم پر انتہاء پسند بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائیں گے۔ یہ عمل مسلسل کئی سال تک جاری رہے گا۔ حتیٰ کہ یہ براعظم صفحہ ہستی سے مٹ جائے۔ بابا ونگا نے یہ پیش قیاسی بھی کی تھی کہ عظیم مسلم جنگ عرب ملک شام سے شروع ہوگی۔
روم، خلافت اسلامیہ کا دارالخلافہ: اس نے ایک پیش قیاسی یہ بھی کی تھی کہ اسلام 2043 تک سارے یوروپ پر قبضہ مکمل کرلے گا اور روم نئی اسلامی خلافت کا دارالخلافہ ہوگا۔
سیارہ زہرہ میں انسانی آبادیاں: توانائی کے نئے وسائل کی تلاشی کیلئے بنی نوع انسان سیارہ زہرہ میں پہنچ جائے گا جہاں انسانی آبادیاں بھی بسائی جائیں گی۔
چین نیا سوپر پاور ہوگا : بابا ونگا کی پیش قیاسیوں کے مطابق 2018ء میں چین دنیا کا نیا سوپر پاور بن جائیگا، جس ساتھ ہی امریکہ اور اس کی معیشت کا خاتمہ ہوجائے گا۔ اس خاتون کی طرف سے 1996ء سے قبل کی گئی پیش قیاسی کے مطابق استحصال کنندگان (ترقی یافتہ ممالک) خود استحصال کے شکار (تیسری دنیا کے ممالک) بن جائیں گے۔ بین الاقوامی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) نے بھی 2011ء میں پیش قیاسی کی تھی کہ چینی معیشت 2016ء میں امریکہ پر بالادستی حاصل کرتے ہوئے ایک سوپر پاور کی حیثیت سے ابھرے گی۔
بھوک و افلاس کا خاتمہ: بابا ونگا نے 2025 اور 2028ء کے درمیان دنیا سے بھوک و افلاس کے خاتمہ کی پیش قیاسی کی تھی۔
برفانی ڈھال پگھل جائیں گی: بابا ونگا کی پیش قیاسی کے مطابق 2045 تک کرہ ارض کے قطب شمالی اور قطب جنوبی پر موجود برفانی ڈھالیں پگھل جائیں گی۔ واضح رہے کہ سائنسدانوں نے بھی ان ڈھالوں کے پگھلنے کی جو شرح بنائی ہے ان کے مطابق بھی یہ برفانی ڈالیں اسی رفتار سے پگھل رہی ہیں جو 2045 تک ختم ہوجائیں گی۔
مسلم زیرغلبہ یوروپ پر امریکہ کا حملہ : نابینا خاتون کی پیش قیاسی کے مطابق 2066 تک کسی وقت مسلمانوں کے زیرغلبہ یوروپ پر امریکہ ماحولیاتی تبدیلی کے اسلحہ کے ذریعہ حملہ کرتے ہوئے روم کو واپس لینے اور عیسائیت کا غلبہ بحال کرنے کی کوشش کرے گا۔
کمیونزم کی واپسی : پیش قیاسی کے مطابق 2076 میں یوروپ اور باقیماندہ دنیا میں کمیونزم لوٹ آئے گا۔
کرۂ ارض کی موت : پراسرار نابینا خاتون نے ایک پیش قیاسی یہ بھی کی ہیکہ 3797 تک کرۂ ارض پر ہر شئے کا وجود مٹ جائے گا لیکن بنی نوع انسان اس حد تک ترقی کرچکا ہوگا جو (ترقی) شمسی نظام کے کسی دوسرے سیارہ کو انسان کی منتقلی کیلئے کافی ہوگی۔