انیل چندرا پونیتا، حکومت آندھراپردیش کے نئے چیف سکریٹری

چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کی جانب سے منظوری، دو سینئر عہدیداروں کو نظرانداز کرنے کی اطلاع

حیدرآباد ۔ 29 ستمبر (سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش کے نئے ریاستی چیف سکریٹری کی حیثیت سے سینئر آئی اے ایس عہدیدار مسٹر انیل چندرا پونیتا کا تقرر عمل میں آیا اور اس سلسلہ میں احکامات بھی جاری کئے گئے۔ موجودہ ریاستی چیف سکریٹری مسٹر دنیش کمار جوکہ سال 1983، آئی اے ایس بیاچ سے تعلق رکھتے ہیں، 30 ستمبر کو اپنی میعاد کی تکمیل پر وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش ہوجائیں گے۔ اس طرح موجودہ ریاستی چیف سکریٹری کی وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوشی کے پیش نظر ہی ریاستی چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے سال 1984 کے آئی اے ایس بیاچ سے تعلق رکھنے والے سینئر آئی اے ایس عہدیدار و موجودہ چیف کمشنر لینڈ ایڈمنسٹریشن آندھراپردیش مسٹر انیل سی پونیتا کو چیف سکریٹری عہدے پر فائز کرنے کیلئے ان کے نام کو منظوری دیتے ہوئے گذشتہ دن ہی متعلقہ فائل پر دستخط کرنے پر احکامات جاری کئے گئے۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ مسٹر انیل چندرا پونیتا آئندہ 8 ماہ تک یعنی 31 مئی 2019ء تک ہی بحیثیت ریاستی چیف سکریٹری آندھراپردیش کے عہدے پر برقرار رہتے ہوئے 31 مئی 2019ء کو وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش ہوجائیں گے۔ بتایا جاتا ہیکہ چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے سال 1983ء آئی اے ایس بیاچ سے تعلق رکھنے والے دو سینئر آئی اے ایس عہدیداروں کو نظرانداز کرتے ہوئے ریاستی چیف سکریٹری عہدے پر مسٹر انیل چندرا پونیتا کا انتخاب کیا ہے اور بتایا جاتا ہیکہ سال 1983ء کے آئی اے ایس بیاچ سے تعلق رکھنے والے دو عہدیداروں کی وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوشی ماہ اپریل سال 2020ء میں ہوگی۔ اس طرح دو سینئر آئی اے ایس عہدیدار زائد از دیڑھ سال تک خدمات انجام دے سکتے ہیں لیکن مسٹر انیل سی پونیتا صرف 8 ماہ تک ہی چیف سکریٹری عہدے پر برقرار رہ سکیں گے۔ بتایا جاتا ہیکہ مسٹر انیل چندرا پونیتا متحدہ ریاست آندھراپردیش میں اپنی سرویس کا آغاز بحیثیت سب کلکٹر راجم پیٹ ضلع کڑپہ سے کیا تھا اور پھر ترقی پاکر ضلع کلکٹر سریکاکلم کی حیثیت سے بھی گرانقدر خدمات انجام دیتے ہوئے متحدہ ریاست آندھراپردیش میں منیجنگ ڈائرکٹر آندھراپردیش ہاؤزنگ کارپوریشن، کمشنر ریاستی، دیہی ترقیات اور ریاستی ہارٹیکلچر کے علاوہ ریاستی کمشنر، محکمہ صحت و طبابت بھی گرانقدر خدمات انجام دیں اور بعدازاں مسٹر پونیتا نے بحیثیت پرنسپل سکریٹری محکمہ ریونیو اور محکمہ زراعت بھی خدمات انجام دیئے اور بعدازاں ریاست آندھراپردیش کی تقسیم پر وہ نئی ریاست آندھراپردیش کو الاٹمنٹ پر وہاں پر بھی مختلف عہدوں پر فائز رہتے ہوئے گذشتہ ایک عرصہ سے بحیثیت ریاستی چیف کمشنر، لینڈ ایڈمنسٹریشن آندھراپردیش کے عہدے پر فائز تھے۔