انگور بے شمار طبی فوائد کا حامل پھل !

پھلوں کی غذائیت تمام غذاؤں میں اہم ترین اور لطیف ترین حیثیت رکھتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے جہاں انسان کیلئے مختلف اقسام کے اجناس، سبزیاں، ترکاریاں اور دیگر مختلف النوع خوردنی نعمتیں پیدا کی ہیں، وہیں مختلف قسم کے موسمی پھل بھی ایسے پیدا فرمائے ہیں جو تاثیر قوت بخشی، حیات پروری، لطافت انگیزی اور ذائقہ و لذت کے اعتبار سے بہترین کیفیات و تاثرات سے بھرے ہیں۔ قدرت نے ان پھلوں میں حیاتیاتی جوہر اور شفا بخشی کے کمالات سمودیئے ہیں کہ انسانی عقل حیران رہ جاتی ہے۔ ایسی ہی ایک نعمت انگور ہے جو انتہائی لذیذ اور بے مثال قوت بخش پھل ہے۔ اسے صحت و توانائی اور فرحت و انبساط فراہم کرنے کے لحاظ سے ایک اچھوتا اور پرکشش تصور کیا جاتا ہے۔

خاص طور سے خواتین کیلئے بہت ہی فائدہ مند ہے کیونکہ اس میں بھرپور توانائی پائی جاتی ہے۔ یہ جسم میں تازہ اور مصفی خون پیدا کرنے کا سبب بنتا ہے ۔ یہ ایک کثیر الغذا پھل ہے۔ اس کے اندر غذائیت اور توانائی کے بھرپور خزانے ہیں۔ اس کا رس نہ صرف معدے کی رطوبت کو مزید ہاضم اور مصفی بناتا ہے بلکہ عمل انہضام کے بعد خون میں شامل ہوکر خون کو صحت مند بناتا ہے۔ یہ بدن کو معقول اور پرکشش اور فربہی دینے میں بھی دوا کا کام کرتا ہے۔ بلغمی امراض میں نہایت مفید ہے۔ انگور کا رس درد شقیقہ اور معدے کی بیماریوں تپ دق یا قبض، کھانسی، جسم کی کمزوری، خون کی کمی اور دیگر امراض کے لئے بہت مفید ہے۔ اکثر خواتین کو خون کی کمی کے مسائل سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔ اس کا استعمال اس ضمن میں فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔