انگلینڈ کیلئے پاکستان مشکل حریف ثابت ہوگا : صلاح الدین

کراچی ، 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) سابق چیف کرکٹ سلیکٹر صلاح الدین صلو کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کے پاس صلاحیت ہے اور وہ انگلینڈ کیلئے اگلے ماہ شروع ہونے والی ٹسٹ سیریز میں مشکل حریف ثابت ہوں گے۔ ’ڈان‘ سے گفتگو میں صلاح الدین نے کہا کہ مصباح الحق کی ٹیم کا سری لنکا سے موازنہ کیا جائے تو وہ السٹیر کک کی ٹیم کیلئے مشکل حریف ثابت ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم سری لنکا کے مقابلے میں بہتر ہے ، ہمارے پاس تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل اچھی ٹیم ہے اور ہم بولنگ میں مشکلات کھڑی کریں گے۔ سابق ٹسٹ کرکٹر نے کہا: ’’میں اپنے تجربے کی بنیاد پر جانتا ہوں کہ جولائی اور اگست انگلینڈ میں کرکٹ کے مہینے ہوتے ہیں اور ٹسٹ سیریز کے دوران موسمی حالات پاکستان کیلئے موزوں ہوں گے۔‘‘ انھوں نے کہا کہ لارڈز جہاں 14 جولائی سے
پہلا ٹسٹ شروع ہوگا، وہ میدان بھی پاکستانی بولروں کیلئے  زیادہ فائدہ مند ہوگا کیونکہ انھوں نے سری لنکا سیریز کو جانچا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ سری لنکا سیریز کے دوران گیند نیچے رہ رہی تھی جس کا مطلب ہے کہ باؤنس سے بلے بازوں کو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ پاکستان کے اوپنر محمد حفیظ اور شان مسعود سے بڑی توقعات وابستہ کرتے ہوئے صلاح الدین نے کہا کہ دونوں کھلاڑی مختلف اسٹائل کے بلے باز ہیں لیکن وہ انگلینڈ کے حالات  میں کچھ کھیل چکے ہیں، اس لئے میں ان کے بطور اوپنرز کامیابی کے تعلق سے پُراعتماد ہوں۔ صلاح الدین نے اسپیشلسٹ اوپنرز کی موجودگی کے باوجود اظہرعلی کو بطور اوپنر آزمانے کو غیر دانشمندانہ قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ مسعود یا حفیظ کی انجری کی صورت میں ہمارے پاس سمیع اسلم کی صورت میں متبادل موجود ہے جو انگلینڈ میں انڈر19 کے کپتان کی حیثیت سے کچھ سال قبل بہترین کارکردگی دکھا چکے ہیں۔ سابق چیف سلیکٹر نے کہا کہ تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ انگلینڈ میں ہم نے زیادہ تر میچز بولروں کی وجہ سے جیتے ہیں لیکن مجھے لگتا ہے کہ اس دفعہ کپتان مصباح، یونس خان، اظہر علی، اسد شفیق اور سرفراز احمد کی موجودگی میں بیٹنگ انگلینڈ کے خلاف پاکستان کو جیت دلائے گی۔ پاکستانی بولنگ پر انھوں نے کہا کہ محمد عامر، وہاب ریاض، راحت علی اور یاسر شاہ تمام بہترین بولرز ہیں اور انگلینڈ کے بلے بازوں کا جینا حرام کردیں گے۔