انگلینڈ نے عالمی چمپیئن بننے کے جشن کا منصوبہ بنالیا

لندن ۔17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) عالمی نمبر ایک ونڈے ٹیم اور ورلڈکپ کی میزبان انگلینڈ کو اس مرتبہ پہلی مرتبہ ورلڈ چمپئن بننے کا یقین ہے۔ انگلش کرکٹ حکام اس اعتماد کے ساتھ ابھی سے وکٹری پریڈ اورجشن سے متعلق سوچنے لگے ہیں۔ اس یقین کی وجہ ایان مورگن الیون کا گذشتہ 12 ماہ کے دوران پہلے مقام پر قابض رہنا ہے۔ اسے ہی میگا ایونٹ میں پسندیدہ قرار دیا جارہا ہے۔ معروف برطانوی روزنامے کے مطابق فی الحال کوئی منصوبہ تو نہیں طے نہیں لیکن لندن کی شہر کی انتظامیہ کے ساتھ انگلش کرکٹ بورڈ حکام رابطے میں ہیں اورممکنہ تقاریب کے حوالے سے ابتدائی بات چیت ہورہی ہے۔ سمجھا جارہا ہے کہ 2005 ایشزسیریز میں فتح کے بعد یہ انگش سرزمین پر کرکٹ سے متعلق پہلا بڑا جشن ہوگا۔ ای سی بی کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کرکٹ کا عالمی چمپئن بننے کے تناظر میں کئی منصوبہ زیرغورہیں اور ایسا کرنا درست بھی ہوگا، فتح سے ہمیں کرکٹ کو عوام میں مزید مقبول بنانے کی جاری کوششوں میں بہت مدد ملے گی۔ یاد رہے کہ انگلینڈ 1992 کے بعد سے ورلڈکپ کے فائنل میں نہیں پہنچ سکا،جہاں اسے عمران خان کی قیادت میں پاکستان کے خلاف شکست ہوئی تھی۔ میزبان ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں30 مئی کو جنوبی افریقہ کا سامنا کرے گی۔یادرہے کہ انگلینڈنے گزشتہ دوبرسوں سے شاندار مظاہروں کے ذریعہ آئی سی سی کی عالمی درجہ بندی میں پہلا مقام حاصل کیا ہے اور ورلڈ کپ خطاب کیلئے اسے سب سے زیادہ پسندیدہ موقف حاصل ہے۔