انگلینڈ سے آج چوتھا ونڈے،پاکستان پر سیریز شکست کا خطرہ

لندن ۔16 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مصروف پاکستانی کرکٹ ٹیم کومسلسل آٹھویں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور کل انگلینڈ کے خلاف رواں سیریز میں ایک اور شکست اسے ایک اور سیریز سے محروم کردے گی ۔جنوبی افریقہ کے خلاف آخری ونڈے اور پھر آسٹریلیا کے خلاف لگاتار پانچ اور اب انگلینڈ کے خلاف مسلسل دوسری شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ پاکستان کی جانب سے آخری سات ونڈے میں سات بیٹسمینوں نے سنچری بنائی بدقسمتی سے کوئی بیٹسمین اپنی اننگزکو میچ وننگ اننگز میں تبدیل نہ کرسکا تمام سات میچ پاکستانی ٹیم ہارگئی۔ آسٹریلیا کے خلاف ایک میچ میں دو سنچریاں بنیں اس کے باوجود پاکستان میچ ہارگیا۔ رواں سیریز کے دوران برسٹل میں پاکستان کے خلاف انگلینڈ نے پانچ اوورز قبل 359 رنز کے ہدف کا کامیابی سے حاصل کیا۔ اس سے قبل جے پور میں آسٹریلیا کے خلاف ہندوستان نے360 رنز کا اسکور پانچ اوورز قبل حاصل کر لیا تھا۔ پاکستان نے پانچ کیچ ڈراپ کئے۔ انگلینڈ کے لئے ہائی اسکورنگ میچ جیتنا معمول کی بات ہے۔ اس سال چارمرتبہ انگلینڈ نے 300 سے زیادہ رنز دینے کے باوجود مقابلوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ پاکستان چوتھے میچ میں تجربہ کار کھلاڑی شعیب ملک کو کھلانے پر غور کررہی ہے۔ کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ تیسرے ونڈے میں پاکستانی ٹیم نے بولنگ توقعات کے برعکس کی اور ہم نے کئی اہم کیچ چھوڑے گئے۔ ہمیں اپنی بولنگ میں بہتری لانی ہوگی۔ ورلڈ کپ سے قبل بیٹنگ لائن میں بہت ساری مثبت چیزیں سامنے آرہی ہیں۔ ونڈے میں360 رنزکا ہدف عبور کرنا آسان نہیں تھا۔ ہمارے دونوں اوپنر امام الحق اور فخر زمان نے اچھی بیٹنگ کی ہے۔ آصف علی کی بیٹنگ میں اچھی کارکردگی نیک شگون ہے۔ دریں اثنا انگلینڈ کے خلاف ونڈے سیریز میں 2-0 کے خسارے میں جانے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے پاس سیریز میں واپس آنے کا آخری موقع ہے اگر پاکستانی ٹیم نے جمعہ کو ناٹنگھم میں چوتھا ون ڈے بھی ہار گئی تو پاکستان کو جنوبی افریقہ اورآسٹریلیا کے بعد مسلسل تیسری سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔