انگلینڈ۔پاکستان ونڈے سیریز کا آج لندن میں آغاز

لندن۔7 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ونڈے سیریز کا پہلا میچ کل لندن میں کھیلا جائے گا۔ذرائع نے بموجب انگلینڈ کے خلاف پاکستانی کرکٹ ٹیم میں شامل دو اضافی کھلاڑیوں کے ورلڈکپ اسکواڈ میں شمولیت کے امکانات بہت روشن ہیں۔ فاسٹ بولر محمد عامر اور مڈل آرڈر بیٹسمین آصف علی کی صلاحیتوں کو جانچنے کیلئے انھیں انگلینڈ کے خلاف سیریز کے کم از کم پہلے دو میچز میں بھرپور موقع فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ اپنی فارم ثابت کر سکیں۔ دوسری جانب سینئر کرکٹر محمد حفیظ تاحال مکمل فٹنس حاصل نہیں کرسکے اور انگوٹھے کی سرجری کے بعد اگرچہ انہوں نے بیٹنگ، فیلڈنگ اور بولنگ ضرور شروع کر دی ہے لیکن 8 سے زائد ہفتے کرکٹ سے دور رہنے کی وجہ سے انہیں مکمل ردھم میں آنے کے لیئے وقت درکار ہے جبکہ ٹیم منیجمنٹ نے محمد حسنین کو ونڈے کیلئے فٹنس میں مزید بہتری کی ہدایت دی ہے۔ شاداب خان کی ورلڈکپ اسکواڈ میں شمولیت تاحال غیر یقینی ہے ، ان کی جگہ یاسر شاہ ٹیم کیساتھ ضرور موجود ہیں لیکن منیجمنٹ نے محمد نوازکو بھی بطور متبادل تیار رہنے کیلئے اشارہ دیا ہے جبکہ اوپنر عابد علی کو بھی انگلینڈ کے خلاف سیریز میں آزمایا جائے گا۔ 2016 کی ونڈے سیریز پاکستان کے لیے ڈراؤنا خواب بنی تھی جب 444 رنزکا عالمی ریکارڈ بنا تھا۔ اگلے ہی سال ونڈے فارمیٹ کا بڑا اسکور چمپئنز ٹرافی ٹیم پاکستان کے نام ہوا۔ انگلینڈکو پاکستانی ٹیم پر واضح برتری حاصل ہے۔ 17 سیریز میں سے 12 مرتبہ انگلینڈ فاتح رہا، صرف 3 کامیابیاں پاکستانی ٹیم نے اپنے نام کی اور 2 سیریز بے نتیجہ رہیں۔انگلینڈ اس وقت ونڈے کی نمبر ایک ٹیم ہے جس کو ورلڈ کپ میں خطاب کی مضبوط دعویدار مانا جارہا ہے۔ انگلینڈ کے اوپنر اور وکٹ کیپر بیٹسمین جانی بیرسٹوآئی پی ایل میں سن رائزرس حیدرآباد کیلئے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے شاندار فام کا ثبوت دیا ہے اور پاکستان کے خلاف کل پہلے ونڈے میں ان سے برق رفتار شروعات کی امید کی جارہی ہے۔