انگلینڈ۔پاکستان آج دوسرے ٹسٹ کاآغاز

لیڈز۔31 مئی (سیاست ڈاٹ کا م )پاکستانی کرکٹ ٹیم اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹسٹ میچ کل یہاں ہیڈنگلے لیڈ ز میں شروع ہوگا ۔دو ٹسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا اور آخری میچ کل ہیڈنگلے لیڈز میں شروع ہوگا،جس میں فخر زمان یاعثما ن صلا ح الدین کے کرئیر کے آغاز کا امکان ہے ، بابر اعظم زخمی ہونے کے باعث وطن واپس ہوئے اور لارڈز ٹسٹ میں میچ جیتنے والی ٹیم میں ایک تبدیلی ناگزیر ہے اور اس کیلئے کئی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں تاہم ذرائع نے کہا ہے کہ حتمی ٹیم کا اعلان کل میچ سے قبل کیاجائے گا اور زیادہ ترامکان ہے کہ فخرزمان ٹسٹ کیپ حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے ۔ میزبان ٹیم کے خلاف پہلے ٹسٹ میچ میں کامیابی کے بعد پاکستان ٹیم کا حوصلہ بلند ہے اور ٹیم دوسرے اور آخری میچ میں بھی کامیابی کے لئے پرعزم ہے۔ کپتان سرفراز احمد نے کہاہے کہ ہماری کوشش ہوگی کہ ہر کھلاڑی اپنی بہترین کارکردگی دکھائے تاکہ دوسرا ٹسٹ جیت کر سیریز میں کلین سویپ کرسکیں۔پاکستانی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا کہ اگر پاکستان انگلینڈ کے خلاف اسی کی سرزمین پر سیریز جیتنے میں کامیاب ہوتا ہے کہ تو یہ ان کی زندگی کا یادگار ترین لمحہ ہو گا۔پاکستان نے انگلینڈ کو لارڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میچ میں شاندارمظاہرہ کرتے ہوئے 9وکٹوں سے شکست دی ۔اس کامیابی میں محمد عامر نے 5 وکٹیں لے کر اہم کردار ادا کیا تھا خصوصاً دوسری اننگز میں ان کی 4 وکٹوں نے انگلش ٹیم کی میچ میں واپسی کی امیدوں پر پانی پھیر دیا تھا۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹسٹ میچ کل ہیڈنگلے میں شروع ہو گا اور عامر نے اس میچ میں بھی فتح پر نظریں جما لی ہیں اور انہوں نے کہا کہ اگر پاکستانی ٹیم سیریز جیتنے میں کامیاب رہتی ہے تو یہ ان کے کیریئر کا سب سے بڑا کارنامہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف ان کے ہی ہوم گراؤنڈ پر ٹسٹ سیریز جیتنا بڑا کارنامہ ہے، اگر ہم سیریز جیتنے میں کامیاب رہتے ہیں تو یہ میری زندگی کا سب سے یادگار لمحہ ہو گا۔کرکٹ کے گھر لارڈز میں میچز جیتنا بہت مشکل ہوتا ہے، ہم لارڈز میں عمدہ کھیل پیش کیا لیکن اب یہ وقت گزر چکا ہے اور ہمیں اگلے کے لیے بھرپور تیاریاں کرنے کی ضرورت ہے۔عامر نے پہلے ٹسٹ میچ میں ٹیم کی کارکردگی اور فتح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ٹیم کو خبردار کیا کہ لیڈز میں انگلش ٹیم اپنی بقا کی جنگ لڑنے کی غرض سے بھرپور تیاریوں کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ ہم سب جانتے ہیں کہ انگلینڈ ایک بہترین ٹیم ہے، میرے خیال میں وہ ہم پر بھرپور طریقے سے پلٹ کر وار کریں گے لیکن ہم بھی ان کے چیلنج کے لیے تیار ہیں۔لارڈز میں پاکستانی ٹیم کی فتح کے ہیرو فاسٹ بولر محمد عباس تھے جنہوں نے آٹھ وکٹیں لے کر مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا جبکہ حسن علی نے بھی 4وکٹیں حاصل کیں۔عامر نے پہلے ٹسٹ میچ میں شاندار بولنگ کا تمام تر سہرا کوچ اظہر محمود کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ شاندار کامیابی کا سہرا تمام بولروں خصوصاً محمد عباس اور حسن علی کو جاتا ہے لیکن اس کا اصل سہرا اظہر محمود کے سر ہے جو ہمارے ساتھ بہت سخت محنت کر رہے ہیں۔