انگلینڈبمقابلہ بنگلہ دیش‘آج چیمپئنزٹرافی کا آغاز

مقابلے کا آغاز 3.00 بجے ہوگا

لندن۔ 31مئی (سیاست ڈاٹ کام ) بلند حوصلے اور اعتماد کے ساتھ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبان انگلینڈ کرکٹ ٹیم گھریلو میدان پر ٹورنمنٹ کے افتتاحی میچ میں کل یہاں بنگلہ دیش کے خلاف فتح کے ساتھ آغاز کرنے کے ارادے سے اوول میدان پر اترے گی۔مورگن کی کپتانی والی انگلینڈ کرکٹ ٹیم چیمپئنز ٹرافی سے قبل جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں کی پریکٹس ونڈے سیریز کھیلنے کے بعد یہاں بہترین تیاری کے ساتھ اتر رہی ہے جس میں اس نے2-1 سے کامیابی حاصل کی ۔ اگرچہ انگلش ٹیم اپنا آخری ون ڈے سات وکٹ سے گنوا بیٹھی ہے لیکن اس کے لئے یہ شکست غلطیوں پر قابو پانے کے لحاظ سے اہم ثابت ہو سکتی ہے ۔وہیں بنگلہ دیش کی ٹیم اپنے دونوں پریکٹس میچ ہار چکی ہے اور نفسیاتی طور پر اس پر دباؤ بھی رہے گا۔ بنگلہ دیش نے اگرچہ پاکستان کے خلاف پہلے میچ میں 300 رنز سے زیادہ کا اسکور بنایا تھا لیکن ہندوستان کے خلاف دوسرے پریکٹس میچ میں اس کی پوری ٹیم 84 رن پر ہی ڈھیر ہو گئی اور240 رن کے بڑے فرق سے میچ گنوا بیٹھی تھی۔انگلینڈ کے لئے اس لحاظ سے یہ میچ بہت مشکل نہیں ہو گا لیکن بنگلہ دیشی ٹیم کو کم تر سمجھنا اس کی بھول ہو سکتی ہے اور ویسے بھی یہ آئی سی سی ٹورنمنٹ کا افتتاحی میچ ہے ایسے میں اسے چوکسی برتنی ہوگی۔ بنگلہ دیش کی ٹیم میں گزشتہ چند برسوں میں بہت بہتری آئی ہے اور شکیب الحسن جیسے آئی سی سی میں سرفہرست آل راؤنڈر کے علاوہ مشفق الرحیم، سومیہ سرکار، مہدی حسن معراج، مستفیض الرحیم جیسے باصلاحیت کھلاڑی اس کی ٹیم کا حصہ ہیں۔جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں کی حالیہ پریکٹس سیریز میں انگلش کھلاڑیوں کی کارکردگی قابل تعریف رہی اور مورگن، بین اسٹوکس اور معین علی کا مثلث ٹاپ اسکور ر ثابت ہوا جنہوں نے سنچری اور نصف سنچری والی اننگز کھیلی۔ لارڈس میں نصف سنچری بنانے والے جانی بئیرسٹو بھی ٹیم کے اہم کھلاڑیوں میں شامل ہیں لیکن اگر آل راؤنڈر اسٹوکس اور کرس ووکس پوری طرح فٹ رہے تو ان کا اوول میں کھیلنا مشکل ہوگا۔بولروں میں انگلینڈ کو لیام پلینکیٹ، معین، ووکس اور عادل راشد جیسے کھلاڑیوں سے کافی امیدیں رہیں گی جنہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف تسلی بخش کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ تین میچوں کی اس سیریز میں پلینکیٹ اور ووکس فی کس چار وکٹ لے کر سب سے کامیاب رہے تھے ۔سال2015 کے ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش سے الٹ پھیر کا سامنا کر چکے انگلینڈ کے کوچ ٹریور بیلس نے بھی چیمپئنز ٹرافی میں اپنی ٹیم کے پہلے مقابلے کے ضمن میں واضح کیا ہے کہ وہ اس میچ کی اہمیت کو سمجھتے ہیں۔ انہوں نے ساتھ ہی اپنی ٹیم کے جارحانہ کرکٹ کھیلنے کا اشارہ دیا ہے ۔ وہیں ہندوستان کے خلاف اپنے آخری پریکٹس میچ میں 325 رنز کے ہدف کے تعاقب میں84 پر ڈھیر ہوئے بنگلہ دیش کے کھلاڑی مہدی حسن نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی کاگر کارکردگی بھلے ہی مایوس کن رہی ہو لیکن وہ انگلینڈ کے خلاف میچ کے لئے پراعتماد ہیں۔ بنگلہ دیش کی ٹیم نے اس ماہ انگلینڈ آنے سے پہلے اپنی سہ رخی سیریز میں نیوزی لینڈ اور آئر لینڈ دونوں کے خلاف کامیابی حاصل کی ہے جس سے اس کا عتماد کافی بڑھا ہے ۔2015 ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف اپنی پہلی کامیابی میں بنگلہ دیش کے لئے سنچری بنانے والے محموداللہ اور اس فاسٹ بولنگ شعبہ سے بھی ایشیائی ٹیم کو کافی امیدیں وابستہ ہیں۔