انگلش کھلاڑیوں کو سیاسی بحران سے دور رہنے کی ہدایت

کولمبو ۔30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) انگلش کرکب بورڈ نے اپنے اسٹار کھلاڑیوں کو سری لنکا میں جاری سیاسی بحران سے دور رہنے کی ہدایت دی ہے۔انگلینڈ کے ترجمان ڈینی ریبن نے میڈیا سے کہا ہے کہ ہم نے سری لنکا میں موجود اپنے کھلاڑیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ میزبان ملک کے سیاسی بحران سے خود کو دور رکھیں۔ یادرہے کہ سری لنکا میں جاری سیاسی بحران کے دوران پیش آنے والے فائرنگ کے واقعہ پر سابق سری لنکن کپتان ارجنا رانا تنگا کو گرفتار کرلیا گیا۔ایک شخص کی ہلاکت اور دو افراد کے زخمی ہونے کے بعد اگرچہ ورلڈکپ کے سابق فاتح کپتان کو ضمانت پر رہائی مل گئی۔ راناتنگا کے مطابق سیلون پیٹرولیم کارپوریشن کے دفتر میں مشتعل افراد نے انہیں گھیرے میں لے لیا جو انہیں قتل کرنا چاہتے تھے جس پر ان کی سکیورٹی پر مامور افراد کو اسلحے کا استعمال کرنا پڑا جس کے سبب جائے وقوعہ پر حالات مزید سنگین ہو گئے اور ان کو مذکورہ مقام سے نکالنے کیلئے خصوصی ٹاسک فورس کے دستوں کو بلانا پڑا۔واقعہ کے 24 گھنٹے بعد سیلون پیٹرولیم کارپوریشن کی یونین کے دباؤ اور ملک میں ایندھن کی ہڑتال کی دھمکی کے بعد حکام وزیر پیٹرولیم کے منصب پر فائز ارجنا راناتنگا کو گرفتار کرنے پر مجبور ہو گئے جن کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا جنہوں نے سابق کپتان کو ضمانت پر رہا کردیا۔رانا تنگا کے مطابق وہ سیلون پیٹرولیم کارپوریشن کے دفتر سے اپنا سامان حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ اسی دوران مخالف سیاسی جماعت کے مشتعل کارکنوں نے ان کا گھیراؤ کرلیا اور انہیں مارنے کی کوشش کی گئی جس کی تصدیق سی سی ٹی وی فوٹیج سے بھی کی جا سکتی ہے تاہم وہ اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا لیکن زخمیوں میں سے ایک 34 سالہ شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔