انڈونیشیا میں مابعد انتخابی نتائج تشدد ، 6 ہلاک

جکارتہ۔ 22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) انڈونیشیا میں حال ہی میں صدارتی انتخابات کے نتائج سامنے آئے ہیں، جس میں صدر جوکوویڈوڈو کو ایک بار پھر کامیابی ملی ہے اور وہ ملک کے صدر کے عہدہ پر فائز ہورہے ہیں تاہم ناکام صدارتی امیدوار کے حامیوں سے انتخابی نتائج کو مسترد کرتے ہوئے سکیورٹی فورسیس کے ساتھ جھڑپوں پر اُتر آئے۔ چہارشنبہ کو ہوئے تشدد میں احتجاجیوں نے پولیس کی گاڑیوں کو نذرآتش کردیا۔ دریں اثناء قومی پولیس کے ترجمان دیدی پراستیو نے بتایا کہ احتجاجی تشدد پر اتر آئے جس کے بعد درجنوں افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ٹی وی فوٹیج میں بھی احتجاجیوں کو نیم فوجی دستوں کی جانب سے سنگ باری کرتے ہوئے گاڑیوں کو نذرآتش کرتے ہوئے دکھایا گیا۔ انڈونیشیا کے الیکشن کمیشن نے منگل کے روز جوکوویڈو کی 55.5% ووٹوں کے ساتھ کامیابی کا اعلان کیا جو دوسری میعاد کیلئے صدر منتخب ہوئے ہیں جبکہ ان کے حریف سابق جنرل پرابووسبیانتو نے انتخابی نتائج کو یکسر مسترد کردیا اور خود کو فاتح قرار دیا۔ انتخابی نتائج کو وہ آئینی عدالت میں چیلنج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل میں دھوکہ دہی کی گئی ہے تاہم انہوں نے اس کے کوئی ثبوت پیش نہیں کئے۔ تازہ ترین اطلاع کے مطابق جھڑپوں میں 6 افراد کے ہلاک ہوئے ہیں۔