انٹر میڈیٹ میں دھاندلیوں کے خلاف منسٹرس کوارٹرس کے گھیراؤ کی کوشش

چیف منسٹر کے سی آر کو فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ ، سید ولی اللہ قادری گرفتار
حیدرآباد۔17مئی (سیاست نیوز) بائیں بازو کی طلبہ اور یوتھ تنظیموں کے بشمول کل ہند کانگریس کمیٹی کی یوتھ آرگنائزیشن نے انٹر میڈیٹ امتحانات کے نتائج میںدھاندلیوں کے خلاف جمعہ کے روز صبح منسٹرکوارٹرس کے گھیرائو کی کوشش کی ۔ سی پی ائی کی محاذی تنظیم کل ہند اسٹوڈنٹ فیڈریشن کے ریاستی صدر سید ولی اللہ قادری کی قیادت میں بائیں بازو ‘ کانگریس کے علاوہ دیگر تنظیموں سے وابستہ سینکڑوں طلبہ نے اس احتجاجی گھیرائو پروگرام میں حصہ لیا۔ پولیس نے تمام کارکنوں کو گرفتارکرتے ہوئے پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ واضح رہے کہ انٹر میڈیٹ نتائج میں تین لاکھ سے زائد طلبہ کی ناکامی کے بعد پچھلے 28دنوں سے بائیں بازو تنظیمیں حکومت او رمحکمہ تعلیم کے خلاف اپنا احتجاجی سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ گرفتاری کے بعد میڈیاسے بات کرتے ہوئے سید ولی اللہ قادری نے حکومت تلنگانہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ تلنگانہ کے نوجوانوں کے مستقبل سے کھلواڑ کو اے ائی وائی ایف کبھی برداشت نہیںکرے گی ۔ انہوں نے تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بڑے پیمانے پر دھاندلیوں کا انکشاف ہونے کے باوجود حکومت تلنگانہ خاطی عہدیداروں اور ریاستی وزیرتعلیم جگدیش ریڈی کے خلاف کاروائی سے گریز کررہی ہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کو بھی تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ انٹر میڈیٹ نتائج سے دلبرداشتہ بیس سے زائد طلبہ نے خودکشی کرلی جبکہ چیف منسٹر کے پاس مذکورہ طلبہ کے پسماندگان سے ملاقات کا وقت نہیں اور وہ فیڈرل فرنٹ کا راگ الاپتے ہوئے مختلف ریاستوں کا دورہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر حکومت چلانے سے وہ قاصر ہیں تو ان کی یہ اخلاقی ذمہ داری ہوگی کہ وہ فوری طور پر استعفیٰ دیتے ہوئے چیف منسٹر کی کرسی سے ہٹ جائیں۔