انٹر میڈیٹ سپلیمنٹری نتائج کا اعلان

حیدرآباد 28 جون (سیاست نیوز) آندھرا پردیش بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کی جانب سے گذشتہ ماہ منعقدہ انٹر میڈیٹ سپلیمنٹری امتحانات کے نتائج کا آج اعلان کیا گیا ۔ نتائج کا اوسط 44.2 فیصد رہا ۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر فروع انسانی وسائل حکومت آندھرا پردیش مسٹر جی سرینواس راو نے اڈوانسڈ انٹر میڈیٹ سپلیمنٹری امتحانات کے نتائج جاری کئے اور بتایا کہ ان نتائج کی روشنی میں لڑکیوں کی کامیابی کا اوسط 45.43 فیصد اور لڑکوں کی کامیابی کا اوسط 43.37 فیصد رہا ۔ انہوں نے اس موقع پر اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ نہ کرنے کا حکومت تلنگانہ کو مشورہ دیا اور ڈپٹی چیف منسٹر امور تعلیم حکومت تلنگانہ مسٹر کے سری ہری کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مسٹر بی سرینواس راو نے کہا کہ حکومت تلنگانہ بشمول مسٹر کے سری ہری جھوٹ کہنے کے ماہر ہیں اور جو کچھ بھی مسٹر کے سری ہری ڈپٹی چیف منسٹر اظہار خیال کررہے ہیں وہ صد فیصد جھوٹ پر مبنی اور حقیقت سے بعید ہے ۔ انہوں نے حکومت تلنگانہ بالخصوص ڈپٹی چیف منسٹر امور تعلیم ریاست تلنگانہ مسٹر کے سری ہری سے گمراہ کن بیانات سے احتراز کرنے اور طلباء کے درخشاں مستقبل سے کھلواڑ کرنے سے گریز کرنے کی پر زور اپیل کی ۔