انٹرنیشنل ایرپورٹ کا نام تبدیل نہ کرنے کا مطالبہ

حیدرآباد ۔ 31 مئی (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا نے وزیراعظم نریندر مودی اور تلنگانہ کے منتخب چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو مکتوبات روانہ کرتے ہوئے انٹرنیشنل ایرپورٹ کا نام تبدیل نہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ مسٹر پنالہ لکشمیا نے اپنے مکتوب میں بتایا کہ راجیو گاندھی نے ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جو بھی کام کیا ہے وہ ناقابل فراموش ہے۔ نوجوانوں کو 18 سال میں ووٹ دینے کا اختیار دیا ہے۔ دیہی نظام قومی نظام سے جوڑنے کا کام کیا ہے۔ ایسے قائد کا نام انٹرنیشنل ایرپورٹ سے نکالنا ان کی اور کانگریسیوں کی توہین کرنے کے مترادف ہے لہٰذا وہ وزیراعظم نریندر مودی سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ہرگز کوئی ایسا قدم نہ اٹھائیں جس سے کانگریس کارکنوں اور قائدین کے جذبات کو ٹھیس پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ صدر تلگودیشم پارٹی چندرا بابو نائیڈو اور مرکزی وزیر شہری ہوا بازی مسٹر اشوک گجپتی راجو نے راجیو گاندھی کا نام تبدیل کرکے آنجہانی این ٹی آر کا نام رکھنے کا اعلان کیا ہے، جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا نے ایک اور مکتوب ٹی آر ایس کے سربراہ و منتخب چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو روانہ کرتے ہوئے حسین ساگر ٹینک بینڈ پر واقع عظیم قائدین اور ماہرین کے مجسموں کے ساتھ۔ کالوجی نارائن راؤ، کونڈا لکشمن بابوجی، پروفیسر جئے شنکر، چاکلی ایلماں، ڈی کمریا اور سریکانت چاری کے مجسمے تنصیب کرنے کا مطالبہ کیا۔ حکومت کی جانب سے ان مجسموں کی تیاری میں کوئی مسائل پیدا ہوتے ہیں تو یہ ذمہ داری کانگریس کو سونپنے پر زور دیا اور کانگریس کی جانب سے مجسمے تیار کرکے حکومت کو دینے کا تیقن دیا۔