انٹرامتحانات تنازعہ حل کرنے کی خواہش

حکومت تلنگانہ کا عدم تعاون ‘ جی سرینواس راؤ کی گورنر سے شکایت
حیدرآباد ۔ 30؍ نومبر (سیاست نیوز) وزیر فروغ انسانی وسائل ریاست آندھراپردیش مسٹر جی سرینواس راؤ نے آج راج بھون پہنچ کر گورنر تلنگانہ و آندھراپردیش مسٹر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کی اور انٹرمیڈیٹ امتحانات کے انعقاد سے متعلق مسئلہ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر جی سرینواس راؤ نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے انٹرمیڈیٹ امتحانات کے انعقاد کے معاملہ میں تعاون حاصل نہ ہونے کی شکایت کی ۔ بتایا گیا کہ تلنگانہ حکومت گورنر کی ہدایات کو بھی نظرانداز کر رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق تلنگانہ اور آندھراپردیش میں متحدہ طور پر انٹرمیڈیٹ امتحانات منعقد کرنے کیلئے حکومت آندھراپردیش ابتداء ہی سے تلنگانہ حکومت سے اپیل کر رہی ہے ۔ اس مسئلہ پر متعدد مرتبہ بات چیت بھی کی گئی ۔ لیکن کامیاب و کارآمد نہیں ہوسکی ۔ حکومت تلنگانہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات ریاست تلنگانہ میں علحدہ منعقد کرنا چاہتی ہے اور اس سلسلہ میں خود وزیر تعلیم ریاست تلنگانہ اور عہدیداران محکمہ تعلیمات حکومت تلنگانہ واضح طور پر اعلان بھی کرچکے ہیں کہ وہ آندھراپردیش حکومت کے امتحانی شیڈول کے ساتھ انٹرمیڈیٹ امتحانات ہرگز منعقد نہیں کریںگے ۔ بلکہ تلنگانہ ریاست میں علحدہ شیڈول کے ساتھ انٹرمیڈیٹ امتحانات منعقد کرنے کیلئے باقاعدہ علحدہ امتحانی تواریخ کا بھی اعلان کیا جاچکا ہے ۔ متحدہ طور پر انٹرمیڈیٹ امتحانات منعقد ہونے کے امکانات موہوم ہوجانے کے باعث وزیر فروغ انسانی وسائل آندھراپردیش مسٹر جی سرینواس راؤ نے آج گورنر تلنگانہ و آندھراپردیش مسٹر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کی ۔ مسٹر سرینواس راؤ نے حکومت تلنگانہ کی جانب سے انٹرمیڈیٹ امتحانات منعقد کرنے کے معاملہ میں حکومت آندھراپردیش کے ساتھ تعاون نہ کرنے کی شکایت کی اور بتایا کہ متحدہ طور پر انٹرمیڈیٹ امتحانات منعقد کرنے میں تلنگانہ حکومت پہل نہیں کر رہی ہے ۔ لہذا گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن سے اس معاملہ میں فوری مداخلت کرنے انٹرمیڈیٹ امتحانات کے تنازعہ کو خوشگوار انداز میں یکسوئی کرنے کیلئے موثر و مثبت اقدامات کرنے کی مسٹر جی سرینواس راؤ وزیر انسانی وسائل حکومت آندھراپردیش نے اپیل کی ۔ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے خصوصی توجہ دینے اور عاجلانہ یکسوئی کیلئے اقدامات کرنے کا وزیر فروغ انسانی وسائل مسٹر جی سرینواس راؤ کو تیقن دیا ۔