انوکھا فرنیچر : سجاوٹ بھی اور آرام بھی

زیادہ تر افراد فرنیچر خریدنے کے معاملے میں نت نئے تجربات کے قائل ہوتے ہیں اور روایتی انداز کا سازوسامان گھر میں رکھتے ہیں۔ عام خیال یہی ہیکہ فرنیچر چونکہ خاصہ مہنگا ہوتا ہے اور لباس یا جوتوں کی طرح جلدی جلدی تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔ اس لئے انفرادیت کے چکر میں پڑ کر نت نئے ڈیزائن کا فرنیچر خریدنا گھاٹے کے سودے کے سواء کچھ نہیں۔ ہاں … بہت زیادہ دولتمند افراد اس قسم کے تجربات ضرور کرسکتے ہیں لیکن یہ عام لوگوں کے چونچلے نہیں۔ بدلتے وقت کو دیکھتے ہوئے یہ سوچ درست نہیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ ہر رجحان میں تبدیلی ضرور آتی ہے۔ لہٰذا ان تبدیلیوں کو بالکل نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ آج کل ایسے فرنیچر کا رواج عمل میں آرہا ہے جو عام روایتی فرنیچر کے مقابلے میں قدرے مختلف نظر آتا ہے۔ منفرد اور انوکھے ڈیزائن کا یہ فرنیچر ہر ایک کی توجہ فوراً اپنی جانب مبذول کرلیتا ہے لیکن اس قسم کے فرنیچر میں کشش محسوس کرنے کے باوجود لوگ اسے خریدنے سے اس لئے بھی جھجکتے ہیں کہ کہیں وہ دوسروں کی تنقید یا مذاق کا نشانہ نہ بن جائیں جبکہ حقیقت یہ ہیکہ کوئی بھی غیر روایتی قسم کا فرنیچر گھر کی شان میں خاص انفرادیت لانے کا سبب بنتا ہے۔ کون نہیں چاہتا کہ اپنے گھر کی شان دوبالا کرے۔ لہٰذا یہ سوچ کر یہ سب امیروں کے چونچلے ہیں یا ہم تنقید کا نشانہ بن جائیں گے، اپنا شوق پورا نہ کرنا اپنے ساتھ ناانصافی ہے۔

اس لئے چھوٹی چھوٹی خوشیوں کے حصول میں قطعی نہ گھبرائیں اور دل بڑا رکھیں کہ کوئی اتنا مہنگا شوق نہیں کہ جسے آپ افورڈ نہ کرسکیں بلکہ یہ جان کر آپ کو حیرت ہوگی کہ نئے ڈیزائنوں پر مشتمل یہ انوکھا سا فرنیچر اکثر و بیشتر ہلکا پھلکا اور ملٹی پرپز ہوتا ہے یعنی یہ خاص طور سے چھوٹے گھروں کے لئے موزوں رہتا ہے اور اس کی قیمت بھی اتنی زیادہ نہیں ہوتی۔ پھر یہ بھی تو ضروری نہیں کہ آپ گھر کا سارا فرنیچر ہی بدل ڈالیں بلکہ اس کے بجائے کسی ایک آدھ آئیٹم کی تبدیلی یا اضافے سے بھی گھر کی سجاوٹ میں ایک انوکھا اور دلفریب سا تاثر پیدا کیا جاسکتا ہے۔ مثلاً آپ کو یا گھر کے کسی اور فرد کو منفرد سی کوئی ایزی چیئر یا کوئی کرسی پسند آجاتی ہے تو اسے خریدنا اور گھر کے کسی گوشے میں ایڈجسٹ کرنا اتنا مشکل نہیں۔ مزید اچھی بات یہ ہوگی کہ ایک چھوٹی سی چیز کا اضافہ آپ کے گھر کی سجاوٹ کو دوبالا کردے گا اور ہر مہمان نہ صرف اس کی جانب متوجہ ہوگا بلکہ تعریف بھی کرے گا۔ اگر کوئی بیڈروم سیٹ یا ڈائننگ ٹیبل وغیرہ خریدنی ہو تو عام روایتی ڈیزائنوں کے بجائے مارکیٹ میں موجود منفرد اور کم جگہ گھیرنے والے ہلکے پھلکے فرنیچر پر ایک نظر ضرور ڈالیں۔

ہوسکتا ہیکہ آپ کو اپنی ضرورت کے مطابق کوئی ایسا خوبصورت اور انوکھا پیس مل جائے جو پائیدار ہونے کے ساتھ ساتھ قیمت میں بھی مناسب ہو۔ اگر آپ آرٹسٹک اور تخلیقی ذہن کی مالک ہیں تو اپنے گھر کی ضروریات کے لحاظ سے خود بھی چھوٹی موٹی چیزیں ڈیزائن کرسکتی ہیں اور اپنی پسند کے مطابق اپنی نگرانی میں انہیں بنواسکتی ہیں۔ مثلاً کوئی میز، کرسی، الماری یا کیبنٹ وغیرہ۔ ان فرنیچر آئیٹمس کو اپنی پسند سے دلکش رنگوں میں پینٹ کرائیں پھر ان کی افادیت دیکھیں، نہ صرف آپ کا دل بلکہ آپ کا گھر بھی خوشی سے بھرجائے گا۔فرنیچر کے علاوہ ہلکے پھلکے اور کم جگہ گھیرنے والے کیبنٹ، درازیں اور وال یونٹ خاص طور سے بہت افادیت کے حامل ہوتے ہیں لہٰذا گھر میں اپنی نگرانی میں ایسے ملٹی پرپز اور خوبصورت ڈیزائنوں والے فکسچرز بنوائیں ان میں آپ اپنی بہت سی کارآمد چیزیں سنبھال کر رکھ سکیں گی اور یہ گھر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کریں گے۔