انوپم کھیر کا ایف ٹی آئی آئی کے چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ

نئی دہلی۔31 اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام) اپنی سنجیدہ اداکاری کیلئے مشہور بالی ووڈ اداکار انوپم کھیر نے دیگر کاموں میں مصروفیت کا حوالہ دیتے ہوئے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ایف ٹی آئی آئی) کے صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔مسٹر کھیر نے اطلاعات و نشریات کے وزیر راجیہ رددھن راٹھور کو مرسلہ اپنے استعفیٰ میں کہا ہے کہ بین الاقوامی منصوبوں میں مصروف ہونے کی وجہ سے وہ انسٹی ٹیوٹ میں اپنی ذمہ داری اچھے طریقے سے انجام نہیں دے پائیں گے اس لئے وہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دے رہے ہیں۔انہوں نے لکھا ہے کہ انہیں ایک بین الاقوامی ٹی وی شو کی وجہ سے انہیں 2018 سے 2019 کے درمیان تقریبا نو ماہ تک اور اس کے بعد بھی امریکہ میں رہنا ہوگا۔ مسٹر کھیر نے کہا ہے کہ ممتاز ایف ٹی آئی آئی کے صدر کے عہدے پر رہنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور اس عہدے پر رہتے ہوئے انہیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے ۔ تاہم بین الاقوامی طور پر ملنے والے کام کی وجہ سے ، وہ انسٹی ٹیوٹ میں زیادہ وقت نہیں دے سکیں گے اور اس وجہ سے وہ استعفیٰ دے رہے ہیں۔ اس مصروفیت کو دیکھتے ہوئے وہ انسٹی ٹیوٹ میں فعال طور پر منسلک نہیں رہ سکیں گے اور ایسے میں عہدے پر رہنا طالب علموں، مینجمنٹ ٹیم اور ان کیلئے مناسب نہیں ہے ۔مسٹر کھیر کو اداکار گجندر چوہان کی جگہ انسٹی ٹیوٹ کے صدر مقرر کیا گیا تھا۔ مسٹر چوہان کی تقرری کی وجہ سے زبردست ہنگامہ ہوا تھا ۔