انوراگ شرما تلنگانہ کے پہلے ڈی جی پی

حیدرآباد یکم جون ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش کی تقسیم اور نئی ریاست تلنگانہ کے وجود میں آنے کے بعد محکمہ پولیس میں دونوں ریاستوں کیلئے دو انچارج ڈائرکٹر جنرل پولیس کا تقرر عمل میں آیا ہے جس کیلئے باقاعدہ احکامات جاری کئے گئے ہیںجبکہ1986 آئی پی ایس بیاچ سے تعلق رکھنے والے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس انٹلی جنس مسٹر ایم مہیندر ریڈی کو کمشنر پولیس حیدرآباد مقرر کیا گیا ہے۔

نئی ریاست تلنگانہ کے ڈائرکٹر جنرل پولیس کی حیثیت سے مسٹر انوراگ شرما جو کہ 1982 بیاچ کے آئی پی ایس ہیں کو ذمہ داری تفویض کی گئی ہے جو انچارج ڈائرکٹر جنرل آف پولیس تلنگانہ ہوں گے ۔اسی طرح آندھرا پردیش میں ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کے عہدہ پر مسٹر جے وینکٹ راموڈو آئی پی ایس 1981 بیاچ ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہے جو اپنے اس عہدہ کا کل جائزہ لیں گے۔ متحدہ آندھرا پردیش کے سابقہ ڈی جی پی مسٹر بی پرساد راو کو آندھرا پردیش کا معتمد داخلہ کے طور پر مقرر کیا گیا ہے ۔ جبکہ سینئر آئی پی ایس عہدیدار ٹی پی داس کو ڈرائرکٹر جنرل ویجلنس اور مسٹر آر پی ٹھاکر کو ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل ویجلنس مقرر کیا گیا ہے ۔ 2 جون کو ریاست کی عملی تقسیم کے بعد دونوں ریاستوں کے پولیس سربراہان علحدہ ہوجائیں گے اور دونوں اپنی اپنی نئی ذمہ داریوں کا جائزہ حاصل کرتے ہوئے خدمات انجام دیں گے۔