انسداد بردہ فروشی پر شعور بیداری پروگرام

امریکی قونصل جنرل حیدرآباد و دیگر عہدیداروں کی شرکت، مہیش مرلی دھر بھگوت کا خطاب
حیدرآباد 30 جولائی (سیاست نیوز) رچہ کنڈہ پولیس نے آج یوم انسداد بردہ فروشی کے موقع پر امریکی قونصل جنرل حیدرآباد اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کی موجودگی میں ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا۔ اِس موقع پر کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھاگوت نے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں میں پولیس نے بردہ فروشی سے متعلق 170 مقدمات درج کرتے ہوئے 341 اس کاروبار میں ملوث افراد کو گرفتار کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس آپریشن کے دوران کئی بچوں کو بھی بچایا گیا ہے۔ رچہ کنڈہ پولیس نے 68 قحبہ گری کے اڈوں پر دھاوے کرتے ہوئے 5 دلالوں کو پی ڈی ایکٹ جیسے سخت قانون کے تحت جیل بھیج دیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ رچہ کنڈہ کمشنریٹ حدود کو قحبہ گری اور بچہ مزدوری سے پاک بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ اُنھوں نے اِس موقع پر رنگاریڈی اور یادادری بھونگیر، ایڈ ایٹ ایکشن نامی غیر سرکاری تنظیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔ اِس موقع پر مہمان خصوصی امریکی قونصل جنرل متعینہ حیدرآباد کیتھرین ہڈا نے کہاکہ بردہ فروشی بین الاقوامی لعنت ہے اور امریکی حکومت نے بردہ فروشی کی روک تھام کو اولین ترجیح دی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس کاروبار کی روک تھام میں غیر سرکاری تنظیموں کی مدد ضروری ہے۔ اِس پروگرام میں کلکٹر رنگاریڈی مسٹر رگھونندن راؤ، شریمتی انیتا رامچندرن کلکٹر یادادری بھونگیر اور دیگر کئی اہم شخصیتوں نے شرکت کی۔