انسان اللہ تعالیٰ کی نعمتوں پر جتنا شکر کرے کم ہے

حیدرآباد ۔ 16 ۔ فروری : ( دکن نیوز ) : انسان کو اللہ تعالیٰ نے جب بھیجا تو اسے پوری نعمتیں دے کر روانہ کیا اوران نعمتوں پر وہ جتنا بھی شکر بجالائے کم ہے ۔ اس لیے روایتوں میں بھی آتا ہے اللہ کے نبیؐ اور انبیاء علیہ السلام ہر لمحہ شکر بجا لایا کرتے اور دعا کرتے کہ خدایا ان نعمتوں کے متعلق حساب و کتاب نہ کیجئیو ۔ اور ان نعمتوں میں زبان ایک بڑی نعمت ہے اس کے ذریعہ رب نے اسے بولنا سکھایا اور جب بچہ بات کرتا ہے تو والدین و رشتہ دار خوش ہوتے ہیں اور جب یہ بات نہ کرتا ہے تو انہیں فکر لاحق ہوتی ہے ۔ زبان و بیان اس کی شخصیت کا پتہ دیتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار شبیر احمد خاں سکریٹری شعبہ تربیت عظیم تر حیدرآباد جماعت اسلامی ہند نے جماعت اسلامی ہند نامپلی کے زیر اہتمام مسجد عزیزیہ ، مہدی پٹنم کے کانفرنس ہال میں کیا ۔ امیر مقامی طارق منیر نے نگرانی کی ۔ شبیر احمد خاں بعنوان ’ زبان کی حفاظت ‘ کے موضوع پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور قرآن و حدیث کی روشنی میں کہا کہ اس زبان کی حفاظت اللہ تعالیٰ نے بڑے موثر انداز میں کی ہے اور اسے 32 دانتوں اور دو جڑوں کے درمیان رکھا ۔ لیکن اتنی حفاظت کے باوجود یہ زبان بے قابو ہوجاتی ہے اور اس کی خاص بات یہ ہے کہ یہ زبان کبھی تھکتی نہیں ہے جب کہ اس کو انسان بے تحاشہ طور پر استعمال کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس زبان کے ذریعہ انسان نے بہت سارے امور انجام دئیے ہیں لیکن بعض وقت انسان بڑا ترار واقع ہوا ہے اور جب انسان جھگڑا کرتا ہے تو اس کے ذریعہ گالی گلوج پر اتر آتا ہے لیکن اگر اس کا صحیح طور پر استعمال کیا جائے تو اس کے بہت سارے بہتر نتائج پیدا ہوتے ہیں ۔۔