انسانیت کو نفع پہنچانے والی تعلیم جنت میں لے جانے کا آسان راستہ

ایم ایس کے آئی آئی ٹی اور آئی اے ایس طلباء کی المونی میٹ، مولانا شفیع الدین ندوی اور جناب اے کے خان کا خطاب
حیدرآباد ۔ 30 ڈسمبر (پریس نوٹ) آج کے موجودہ دور میں اچھی تعلیم حاصل کرنا اور اپنے پیشے میں کامل مہارت سے کام کرنا جس سے انسانیت کو نفع پہنچے، عبادت کا درجہ رکھتا ہے اور ہمارا یہ عمل جنت میں لے جانے کا ذریعہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا شفیع الدین ندوی نقشبندی نے ایم ایس کے کارپوریٹ آفس میں منعقدہ آئی آئی ٹی اور آئی اے ایس کے طلباء کی المونی میٹ میں کیا۔ انہوں نے طلباء سے کہا کہ ہماری زندگی کا مقصد خدمت خلق ہونا چاہئے۔ اس نیت کے ساتھ ہم جو بھی تعلیم اور پیشہ اختیار کریں گے وہ ہمارے لئے عبادت کا ذریعہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کو نفع پہنچانے کے مقصد سے حاصل کی گئی تعلیم اور کسی بھی اختیار کئے گئے پیشے میں کامل مہارت حاصل کرنا جنت میں لے جانے کا آسان راستہ ہے۔ انہوں نے آئی آئی ٹی اور آئی اے ایس کے طلباء کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اپنی لائن میں کامل مہارت حاصل کریں کیونکہ اللہ تعالیٰ اپنے اس بندے کو پسند کرتا ہے جو اپنے فن میں کامل مہارت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فن کی مہارت اللہ کی امانت ہے اور حاصل کی گئی ان مہارتوں کو روپیہ کمانے کا مقصد نہ بنائیں بلکہ خدمت خلق کے لئے استعمال کریں۔ ایسا کرنے سے اللہ ہمیں قوت و طاقت عطا فرمائے گا اور ہمارا کام اپنے ذمہ لے لے گا۔ انہوں نے موجودہ تمام طلباء سے کہا کہ وہ جس کسی بھی پروفیشن میں جائیں اپنے کام سے برادران وطن کو اس طرح متاثر کریں کہ وہ آپ کو ملک کا اثاثہ سمجھنے لگیں۔ جناب اے کے خان (مشیرکار حکومت ریاست تلنگانہ) نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے زمانے میں ملت کے نوجوانوں کو آئی اے ایس آفیسر بنانا وقت اور حالات کا تقاضہ ہے۔ سیول سرویسز میں ہی شامل ہوکر ہم اچھی طرح سے ملک و ملت کی خدمت کرسکتے ہیں۔ انہوں نے سیول سرویسز کے امتحان کی تیاری کرنے والے طلباء کو ٹپس بھی دیئے اور انہیں کن چیزوں کو کرنے اور کن چیزوں سے اجتناب کرنا چاہئے، اس سے بھی واقف کروایا۔ انہوں نے زیادہ سے زیادہ ملت کے نوجوانوں کو آئی اے ایس کا پیشہ اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔ اس موقع پر ان کے ہاتھوں آئی آئی ٹی میں داخلہ پانے والے کامیاب طلباء کو گولڈ اور سلور میڈلس بھی دیئے گئے۔ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے چیرمین محمد عبداللطیف خان نے طلباء کو قائدانہ رول ادا کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ لیڈر بننے کیلئے اپنے اندر غوروفکر کرنے کی عادت پیدا کرنی ہوگی۔ اس کیلئے ہمیں اپنی روزانہ کی معمولات میں ایک گھنٹہ سوچ و فکر کیلئے مختص کرنا چاہئے تاکہ ہمارے اندر تخلیقی صلاحیت میں اضافہ ہو۔ انہوں نے طلباء کو موبائیل فون کو کم سے کم استعمال کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ سوشیل میڈیا سے ہم جتنی دوری بنائیں وہ ہمارے لئے سودمند ہوگا کیونکہ سوشیل میڈیا اور موبائیل فون ہمیں تخلیقی کاموں کی سمت سوچنے نہیں دیتا۔ آئی آئی ٹی رحمانی۔ 30 اور آئی اے ایس اکیڈیمی کے طلباء کے اس المونی میٹ سے مسٹر جیلانی اور انور احمد ودیگر تعلیمی ماہرین نے بھی خطاب کیا۔ واضح رہیکہ ایم ایس رحمانی۔ 30 کے نئے بیاچ میں داخلہ کیلئے 14 جنوری 2018ء جو جنوبی ہند کے مختلف شہروں میں اسکریننگ ٹسٹ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ حیدرآباد سمیت ریاست تلنگانہ میں اس اسکریننگ ٹسٹ کو 21 سنٹرس میں منعقد کیا جارہا ہے۔ اس ٹسٹ میں 30 کامیاب امیدوار کو آئی آئی ٹی مائنس اور آئی آئی ٹی اڈوانسڈ کی مفت کوچنگ فراہم کی جائے گی۔ اس اسکریننگ ٹسٹ کی مزید تفصیلات فون نمبر 8688131335 سے حاصل کرسکتے ہی۔