شوہر نے 60,000 روپئے میں بیوی کو فروخت کردیا

اندور میں افسوسناک واقعہ ، 5 افراد کے خلاف مقدمہ درج
شیو پوری(مدھیہ پردیش) 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)مدھیہ پردیش میں ضلع شیوپوری کے کھنیا دھانہ علاقے میں اندور کے ایک شخص کے ذریعہ اپنی بیوی کو محض 60 ہزار روپے میں فروخت کرنے کا معاملہ روشنی میں آیا ہے ۔ پولس نے اس معاملے میں عورت کے شوہر سمیت پانچ افراد کے خلاف ایک کیس درج کیا ہے اور ان کی تلاش شروع کردی ہے ۔ پولس کے ذرائع نے بتایا کہ اندور کے باشندے ستیندر لودھی نے ضلع اشو ک نگر کے عیسی گڑھ قصبے کی ایک خاتون سے چھ ماہ قبل شادی کی تھی۔ چند دن پہلے ، ستیندر اندور سے کھنیادھانہ علاقے میں رچھائی گاؤں میں ایک پروگرام میں شرکت کے لئے آیا، جہاں اس کی ملاقات اپنے ایک پرانے شناسا سے ہوئی اور اس نے اپنے بیٹے رام کے لئے ایک لڑکی خرید شادی کرانے کی بات کہی۔ اس پر ستیندر اپنی بیوی کو بیچنے کے لئے تیار ہوگیا۔ ستیندر نے اپنے جیجا مہیش اور اس کے دوست کے ساتھ مل کر 60 ہزار روپے کا سودا طے کیا اور ستیندر اپنی بیوی کو بیچ کر چلا گیا۔ اس کے بعد رام اور اس کے خاندان والوں نے تقریبا پانچ دنوں تک خاتون کو بند رکھا ، لیکن موقع ملتے ہی وہ خاتون وہاں سے بھاگ گئی اور اندور پہنچ کر پولیس میں شکایت در ج کرائی۔ اندور پولس نے فوری طورپر اس کیس کو کھنیا دھانہ تھانے میں بھیج دیا ، جہاں پولیس نے کل ہی متاثرہ خاتون کے شوہر ستیندر، اس کے جیجا مہیش ، اس کے دوست نیز رام اور اس کے والد لکشمن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اور ان کی تلاش شروع کردی ہے ۔