اندرون 4 دن 10لاکھ افراد’’آپ ‘‘ کے رکن بن گئے

گجرات ، مہاراشٹرا اور راجستھان میں بھی پارٹی کو مقبولیت
جنوبی ہندوستان میں آندھراپردیش ، کرناٹک اور ٹاملناڈو میں بھی حوصلہ افزاء نتائج
ویب سائیٹ ، ایس ایم ایس اور مسڈ کال کے ذریعہ رکن سازی مہم جاری :گوپال رائے
غازی آباد ۔ 15 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی ’’آپ‘‘ نے آج دعویٰ کیا ہے کہ ملک بھر میں اس کی جانب سے چلائی جانے والی رکن سازی مہم کا عوام میں کافی جوش و خروش دکھائی دے رہا ہے جیسا کہ چار دنوں کے اندرون تقریباً 10 لاکھ افراد عام آدمی پارٹی کے رکن بنے ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے لیڈر گوپال رائے نے کہا ہے کہ عام آدمی پارٹی کے متعلق دہلی ، ہریانہ ، راجستھان، گجرات اور مہاراشٹرا میں عوام کا ردعمل کافی گرم جوشی اور حوصلہ افزاء ہے۔

دہلی میں عام آدمی پارٹی کی عوام میں شاندار مقبولیت کے بعد اس پارٹی نے 10 جنوری سے ملک بھر میں عوام کیلئے رکن سازی کا آغاز کیا ہے اور یہ 26 جنوری تک جاری رہے گی ۔ یہاں پارٹی آفس کے باہر میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں عام آدمی پارٹی کی رکن سازی کیلئے مہم ’’میں بھی عام آدمی ‘‘ کا آغاز کیا گیا ہے اور اندرون چار دن اس نئی جماعت میں شامل ہونے والے افراد کی تعداد تقریباً 10 لاکھ ہوچکی ہے اور قوی امید ہے کہ آئندہ چند دنوں میں عام آدمی پارٹی کی رکنیت سازی میں کثیر تعداد میں عوام کا اضافہ ہوگا۔

رائے جوکہ عام آدمی پارٹی سے عوام کو قریب کرنے کیلئے شروع کی گئی مہم کے اصل ذمہ دار ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ 26 جنوری تک پارٹی کا نشانہ ایک کروڑ افراد کو اپنی جماعت کا رکن بنانا ہے۔ جنوبی ہندوستان میں بھی آندھراپردیش ، کرناٹک ، ٹاملناڈو اور کیرالا سے بھی پارٹی کی رکن سازی مہم کیلئے حوصلہ افزاء نتائج حاصل ہورہے ہیں۔ جنوبی ہندوستان میں رکن سازی مہم کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے رائے نے کہا کہ یہاں 300 اضلاع پر نظریں مرکوز کی جاچکی ہیں جہاں عوام کو رکن سازی مہم میں شامل کرلیا جائے گا ۔

بی جے پی کی قومی عاملہ کا اجلاس
نئی دہلی ۔ 15 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آئندہ لوک سبھا انتخابات کی حکمت عملی کی تیاری کیلئے ملک بھر کے سرکردہ بی جے پی قائدین دہلی میں جمع ہونے جہاں تین روزہ قومی عاملہ کا اجلاس 17 جنوری سے شروع ہورہا ہے ۔ رام لیلا میدان پر منعقد شدنی قومی کونسل کے دو روزہ اجلاس میں ملک بھر کے بی جے پی کارکن اور قائدین حصہ لیں گے۔

رائے کے بموجب عام آدمی پارٹی کا رکن بننے کیلئے روایتی طریقوں کے علاوہ عصری طریقوں کا بھی استعمال کیا گیا ہے جس کے بہتر نتائج حاصل ہورہے ہیں، جیسا کہ پارٹی کے ویب سائیٹ پر بھی عوام اپنی رکن سازی کو یقینی بناسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ مسڈ کال ، ایس ایم ایس روانہ کرتے ہوئے ، پارٹی کے ارباب مجاز سے رابطہ کرتے ہوئے یا پھر گھر گھر پہنچنے کے روایتی طریقے بھی اختیار کئے جاچکے ہیں۔

پارٹی کے ویب سائیٹس سے حاصل ہونے والے نتائج کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تاحال ویب سائیٹ کے ذریعہ 4.5 لاکھ افراد نے جماعت کی رکن سازی اختیار کرلی ہے۔ مسڈ کال کے ذریعہ 6.5 لاکھ افراد نے عام آدمی پارٹی کی رکنیت اختیار کرلی ہے، اسی طرح ایس ایم ایس کے ذریعہ ایک لاکھ افراد عام آدمی پارٹی کے رکن بن چکے ہیں۔ رائے نے مزید کہا ہے کہ عام آدمی پارٹی نے ایک نئی مہم کا بھی آ غاز کیا ہے جس میں ان افراد کو رکن سازی کا موقع دوبارہ دستیاب ہوگا جو پہلے ایس ایم ایس مسڈ کال کے ذریعہ رکنیت حاصل کرنے میں ناکام ہوئے تھے کیونکہ ان کی درخواست زیادہ آن لائین ٹریفک کی وجہ سے قبول نہیں ہوئی تھی ۔ رائے نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کی رکنیت حاصل کرنے کے بعد کوئی بھی شخص لوک سبھا انتخابات کیلئے اپنی امیدواری کیلئے ویب سائیٹ پر موجود فارم کے ذریعہ اپنی درخواست داخل کرسکتا ہے۔