اندرون ملک پروازوں کا فروغ ، 5 ایر لائنز کمپنیوں سے معاہدہ

نظر انداز ایرپورٹس پر توجہ ، وزارت شہری ہوا بازی سے اقدامات
حیدرآباد۔31مارچ(سیاست نیوز) اندرون ملک پروازوں کو فروغ اور نظر انداز ائیرپورٹس و شہروں تک ہوائی سفر کو یقینی بنانے کیلئے وزارت شہری ہوا بازی کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے تحت 5ائیر لائنس سے معاہدہ کیا ہے جو چھوٹے ملک کے مختلف شہروں میں چھوٹے ائیرپورٹس و شہروں کو ہوائی سفر سے مربوط کرنے میں تعاون کریں گے۔مرکزی وزارت شہری ہوابازی کے مطابق جن شہروں میں ائیر پورٹس موجود ہیں ان ائیرپورٹس کو دیگر شہروں سے مربوط کرنے کیلئے چھوٹی پروازوں اور ہوائی سفر کو فروغ دینے کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں جن کے تحت 2500کے ٹکٹ میں ایک گھنٹہ سے کم مسافت کی ٹکٹ کی فروخت عمل میںلائی جارہی ہے اور حکومت نے ہوائی سفر کو ہر کسی کیلئے قابل دسترس بنانے کیلئے 295کروڑ کی تخصیص کا فیصلہ کیا ہے اور شہری علاقوں کے ائیرپورٹس کے ذریعہ سفر کرنے والے مسافرین پر 50روپئے عائد کئے جائیں گے اورا ن ائیر لائنس کو ہی اس کی اجازت حاصل رہے گی جو غیر مربوط و کارکرد ائیرپورٹس اور شہروں تک 19تا70نشستوں و الی پروازیں چلانے کیلئے تیار ہیں۔مرکزی وزارت شہری ہوابازی کے تحت شروع کردہ ریجنل کنکٹیویٹی اسکیم کے تحت 128ایسے شہروں کو ہوائی سفر سے مربوط کرنے کا منصوبہ ہے جہاں ائیرپورٹ موجود ہیں لیکن ان کی کارکردگی محدود ہے۔5ائیر لائنس کی جانب سے کئے گئے معاہدہ کے مطابق فوری طور پر 45ائیر پورٹ و شہر میں خدمات کے آغاز کی توقع ہے ۔جن ائیرلائنس نے ان شہروں تک خدمات کو وسعت دینے کیلئے بولی میں حصہ لیتے ہوئے حکومت کے اس منصوبہ کو کامیاب بنانے میں حصہ بننے کا فیصلہ کیا ہے اور کامیابی حاصل کی ہے ان میں اسپائس جیٹ‘ ائیر دکن‘ ائیر اوڈیشا‘ ٹربو میگھا شامل ہیں ۔مرکزی وزارت شہری ہوابازی کی جانب سے ان ائیرلائنس کو منتخب کرتے ہوئے 45ائیرپورٹس اور شہروں کو فوری ہوائی سفر سے مربوط کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔مسٹر جینتھ سنہا مرکزی مملکتی وزیر برائے شہری ہوابازی نے بتایا کہ اس منصوبہ کا مقصد ہر شہری کو ہوائی سفر سے مربوط کرتے ہوئے ملک کے ان شہروں کو جہاں ائیرپورٹ موجود ہیں کارکرد بنانا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جاریہ ماہ اس منصوبہ پر عمل آوری کے آغاز سے ہی عوام کے مثبت ردعمل کی توقع کی جا رہی ہے۔