اندرون دو ہفتہ تشکیل تلنگانہ کا عمل مکمل،

حیدرآباد۔/31جنوری، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے ڈپٹی فلور لیڈر ہریش راؤ نے یقین ظاہر کیا کہ آئندہ دو ہفتوں میں مرکزی حکومت تلنگانہ ریاست کی تشکیل کا عمل مکمل کرلے گی۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ ریاستی اسمبلی میں چیف منسٹر کی جانب سے پیش کردہ تحریک کی منظوری سے ریاست کی تقسیم کے عمل پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے اور دستور و قانون کے ماہرین نے بھی وضاحت کردی ہے کہ اسمبلی میں مسودہ بل کی مخالفت میں قرارداد کی منظوری سے مرکزی حکومت کے اختیارات کم نہیں ہوں گے۔ مرکز نے دستور کی دفعہ 3کے تحت ریاست کی تقسیم اور نئی تلنگانہ ریاست کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ دستوری ضابطہ کی تکمیل کیلئے ریاستی اسمبلی کی رائے حاصل کی گئی اور اسمبلی میں تمام ارکان نے اپنی رائے کا اظہار کردیا ہے۔ خود اسپیکر اسمبلی نے مباحث کی تکمیل کا اعلان کیا۔

ہریش راؤ نے کہا کہ 86ارکان نے تقریر کے ذریعہ اپنی رائے ظاہر کی جبکہ مابقی ارکان نے تحریری طور پر اسپیکر کو اپنے موقف سے آگاہ کیا۔ ریاستی اسمبلی میں مباحث کی تکمیل کے ساتھ ہی تشکیل تلنگانہ کا عمل تیز ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ اسپیکر اسمبلی آئندہ دو دنوں میں صدر جمہوریہ کو اپنی رپورٹ کے ساتھ بل روانہ کریں گے اور گروپ آف منسٹرس کے اجلاس میں بل میں ضروری ترمیمات کا جائزہ لیا جائے گا۔ بعد میں مرکزی کابینہ قطعی مسودہ بل کو منظوری دے گی جسے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی سربراہ چندر شیکھر راؤ سینئر قائدین کے ہمراہ وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ، یوپی اے کی صدرنشین سونیاگاندھی، بی جے پی صدر راجناتھ سنگھ اور دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کریں گے تاکہ پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کے حق میں تائید حاصل کی جاسکے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ بی جے پی اپنے وعدہ کے مطابق تلنگانہ بل کی تائید کرے گی۔