اندرا گاندھی کی طرح کانگریس کی ساکھ وردبھا سے بحال کی جائے گی: اشوک گہلوٹ

ناگپور ۔ 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کے سابق وزیراعلیٰ اشوک گہلوٹ نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی ناقص کارکردگی کے باوجود پارٹی کو پوری توقع ہے کہ ودربھا خطہ سے اسے نمایاں کامیابی حاصل ہوگی کیونکہ یہ ایک ایسا حلقہ انتخاب ہے جہاں سے کانگریس کو شدید گرانی کے دور میں بھی تائید ملتی رہی ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے اشوک گہلوٹ نے کچھ پرانی یادوں کا تذکرہ چھیڑ دیا اور کہا کہ وہ بھی کیا زمانہ تھا جب آنجہانی اندرا گاندھی نے کانگریس کی ساکھ بچانے کیلئے ودربھا سے پارٹی کو کامیابی دلائی تھی اور ان کے ساتھ اس وقت کے اہم لیڈران جیسے وسنت ساٹھے اور دیگر بھی تھے۔ مسٹر گہلوٹ نے کہا کہ آج بھی صورتحال تقریباً ویسی ہی ہے جیسی اندرا گاندھی کے زمانے میں تھی اور اب وقت آ گیا ہیکہ کانگریس اپنی کھوئی ہوئی ساکھ کو ودربھا حلقہ انتخاب سے بحال کرے۔ مسٹر گہلوٹ کو ودربھا خطہ میں انتخابی مہمات کیلئے پارٹی کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے اور موصوف اپنا زیادہ وقت کانگریسی باغیوں کو سمجھانے منانے میں مصروف ہیں کہ وہ باضابطہ طور پر پارٹی کی جانب سے منتخب کئے گئے امیدواروں کے خلاف انتخابات لڑنے سے گریز کریں۔ این سی پی کے ساتھ کانگریس کا اتحاد ختم ہونے کے بعد شاید یہ کانگریس کے لئے فال نیک ہی ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ اس طرح کانگریس کو اپنی جڑیں مزید مستحکم کرنے کا موقع ملے گا۔ اشوک گہلوٹ نے کہا کہ صرف ایک لوک سبھا انتخابات میں شکست سے کسی پارٹی کا نام و نشان نہیں مٹ جاتا اور کانگریس تو تمام پارٹیوں میں قدیم ترین ہے۔ اس کے سامنے کئی پارٹیاں آئیں اور گمنامی کے غار میں چلی گئیں۔