اندرا کرن ریڈی، جی ویویک اور جی ونود کانگریس میں شامل

دہلی میں صدر کانگریس سونیا گاندھی سے ملاقات، ترقی تلنگانہ میں اہم کردار ادا کرنے کا عزم

حیدرآباد ۔ 31 مارچ (سیاست نیوز) ٹی آر ایس میں شامل ہونے والے کانگریس ایم پی مسٹر جی ویویک اور انکے بھائی سابق وزیر مسٹر جی ونود اور سابق رکن اسمبلی مسٹر اندرا کرن ریڈی نے آج دہلی میں کانگریس صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کرکے دوبارہ کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ سونیا گاندھی کی وجہ سے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل پانے کا دعویٰ کیا۔ تلنگانہ کی ترقی میں اہم رول ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ شرائط کی وجہ سے ٹی آر ایس کا کانگریس میں انضمام نہ ہونے کا دعویٰ کیا۔ سونیا گاندھی سے ملاقات کرنے کے بعد دہلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسٹر جی ویویک نے کہا کہ بحیثیت چیف منسٹر کرن کمار ریڈی نے کانگریس ہائی کمان کو جھوٹی رپورٹس پیش کیں۔ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کیلئے کانگریس ہائی کمان پر دباؤ بنانے کیلئے وہ ٹی آر ایس میں شامل ہوئے تھے اور اس وقت وہ ایک شرط بھی رکھے تھے کہ اگر کانگریس علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دے گی تو دوبارہ کانگریس میں شامل ہوجائیں گے۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد کانگریس کے سینئر قائدین نے انہیں دوبارہ کانگریس میں شامل ہونے کیلئے دباؤ ڈالا۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کو ترقی دینے کیلئے وہ اپنے بھائی مسٹر جی ونود اور سابق رکن اسمبلی مسٹر اندرا کرن ریڈی آج کانگریس میں شامل ہوگئے ہیں۔ مسٹر جی ویویک نے کہا کہ میرے والد مسٹر جی وینکٹ سوامی کانگریس کے سینئر قائدین میں شمار ہوتے ہیں اور ان کے خاندان کا نہ صرف 60 سال سے رشتہ ہے بلکہ تلنگانہ کی تحریک میں میرے والد نے اہم رول ادا کیا ہے۔ تلنگانہ عوام کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے سیما آندھرا میں ان کے پتلے نذرآتش کرنے اور پارٹی کو نقصان پہنچنے کے باوجود وعدے کو نبھاتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا ہے۔ لوک سبھا میں تلنگانہ بل کی منظوری کے بعد بی جے پی نے راجیہ سبھا میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی تمام کوشش کی۔ تاہم کانگریس صدر سونیا گاندھی نے تمام جماعتوں سے بات کرتے ہوئے بل کی منظوری میں اہم رول ادا کیا ہے۔

مسٹر جی ویویک نے کہا کہ ٹی آر ایس کانگریس میں ضم ہوجاتی تو بہتر تھا ابتداء میں کوشش بھی ہوئی تھی۔ تاہم چند شرائط کی وجہ سے یہ عمل ممکن نہ ہوسکا۔ سونیا گاندھی نے ہی علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا ہے۔ کانگریس علحدہ تلنگانہ ریاست کو ترقی دے گی اسلئے وہ کانگریس ہائی کمان کے دباؤ اور والد مسٹر جی وینکٹ سوامی کی ہدایت پر اپنے بھائی کے ساتھ دوبارہ کانگریس میں شامل ہوگئے ہیں اور دوبارہ لوک سبھا کیلئے مقابلہ کریں گے۔ سابق ریاستی وزیر مسٹر جی ونود نے کہا کہ 9 ڈسمبر 2009ء کو تلنگانہ عوام سے کئے گئے وعدے کو پورا کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا ہے۔ کانگریس پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے وہ پوری دیانتداری اور ایمانداری سے کام کریں گے۔ سابق رکن اسمبلی مسٹر اندرا کرن ریڈی جنہوں نے کانگریس سے مستعفی ہوکر وائی ایس آر کانگریس میں شامل ہوئے تھے، پارٹی کی مخالف تلنگانہ پالیسی سے دوبارہ آج سونیا گاندھی سے ملاقات کرکے کانگریس میں شامل ہوگئے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے 41 ارکان اسمبلی کو 14 سال قبل علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کی جو یادداشت پیش کی تھی اس میں انہوں نے بھی دستخط کی تھی۔