اندرا نی مکرجی کی عدالتی تحویل میں توسیع

ممبئی 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک میٹرو پالیٹن مجسٹریٹ کورٹ نے آج شینا بورا قتل کیس کی اصل ملزم اندرانی مکرجی اور دیگر 2 ملزمین کی عدالتی تحویل میں 7 نومبر تک توسیع کردی ہے جن کا 12 روزہ ریمانڈ آج اختتام پذیر ہوگیا تھا۔ گزشتہ ماہ اس کیس کی تحقیقات سی بی آئی کے حوالے کئے جانے کے بعد آج پہلی مرتبہ 3 ملزمین اندرانی مکرجی اور ان کے سابق شوہر سنجیو کھنہ اور ڈرائیور شیام رائے کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ کیس کی سماعت کے دوران سی بی آئی نے یہ گذارش کی تھی کہ جیل میں مذکورہ ملزمین سے مزید پوچھ تاچھ کی اجازت دی جائے جس کی منظوری مجسٹریٹ این بی شنڈے نے دے دی۔ عدالت نے سی بی آئی وکیل سے دریافت کیاکہ اندرانی سے کوئی پوچھ تاچھ کی گئی جس پر انھوں نے بتایا کہ ایجنسی نے دو مرتبہ تفتیش کی ہے لیکن مزید پوچھ تاچھ کی ضرورت ہے۔ سی بی آئی، ملزمہ اندرانی کی آواز کے نمونے حاصل کرنا چاہتی ہے تاکہ ٹیلیفون کال ریکارڈس سے ملاکر تجزیہ کیا جاسکے۔ تاہم اندرانی کے وکیل گنجان منگلا نے بتایا کہ ان کی موکلہ کی طبیعت ناساز ہے اور اس حالت میں پوچھ تاچھ سے گریز کیا جائے جس پر مجسٹریٹ نے سی بی آئی کو ہدایت دی کہ پوچھ تاچھ سے قبل اندرانی کی جسمانی صحت کے بارے میں میڈیکل رپورٹ حاصل کریں۔