انجینئرنگ طالبہ کی عصمت ریزی ، موبائل پر فلمبندی اور بلیک میلنگ ، 3 گرفتار

امراوتی ۔ 30 ۔ جون : ( پی ٹی آئی ) : آندھرا پردیش کے ضلع کرشنا میں دو سال قبل انجینئرنگ کی ایک طالبہ کی عصمت ریزی ، زد و کوب اور موبائل فون پر ان مناظر کی فلم بندی کے ضمن میں دو نوجوانوں کو پولیس نے آج گرفتار کرلیا ہے ۔ تیسرے شخص کو بھی گرفتار کیا گیا ہے کیوں کہ اس کو بھی موبائل فون پر اس واقعہ کی ویڈیو کلپ موصول ہوئی تھی ۔ جس کی بنیاد پر وہ اس لڑکی کے خاندان کو رقم کے لیے بلیک میل کررہا تھا ۔ دو انجینئرنگ گریجویٹس پی کرشنا ومشی اور کے سیوا ریڈی نے 2016 میں اس لڑکی کو بہلا پھسلا کر اگیری پلی میں واقع اپنے کمرہ میں بلایا تھا اور مبینہ طور پر عصمت ریزی کی تھی ۔ بعد ازاں انہوں نے اپنے ایک دوست ڈی پراوین کمار کو ویڈیو کلپ بھیجا تھا ۔ پولیس نے کہا کہ لڑکی اور کرشنا ومشی دوست تھے ۔ یہ لڑکی بدنامی کے ڈر سے بدستور خاموش بہ لب رہی لیکن جب اس کو یہ محسوس ہوگیا کہ اس جرم سے متعلق ویڈیو کلپ تیزی کے ساتھ گشت کررہی ہے لڑکی نے اپنے ماں باپ سے سارا قصہ بیان کردیا تھا ۔ کالج انتظامیہ نے ان دنوں لڑکوں کو موبائل کلپ حذف کرنے کی تاکید اور انتباہ دیتے ہوئے چھوڑ دیا تھا ۔ لڑکی کی تعلیم بھی جاری تھی کہ اچانک اس کے خاندان کو بلیک میلنگ کے فون کالس موصول ہونے لگے جس میں ڈی پراوین رقم کا مطالبہ کررہا تھا ۔ بعد ازاں مجبور باپ نے پولیس میں شکایت درج کروائی تھی ۔ ومشی پبلک سرویس کمیشن کے مسابقتی امتحانات کی تیاری کررہا ہے اور ریڈی ایک بڑی خانگی کمپنی میں پبلک ریلیشنز انچارج ہے۔۔