انجینئرس اور طلبہ کو ممنوعہ اشیاء فروخت کرنے کے الزام میں ایک شخص گرفتار

حیدرآباد 14 فروری (سیاست نیوز) محکمہ آبکاری کے انفورسمنٹ نے سافٹ ویر انجینئرس اور طلبہ کو ممنوعہ منشیات فروخت کرنے کے الزام میں بہار سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو گرفتار کرلیا اور اُس کے قبضہ سے منشیات برآمد کرلئے۔ اسسٹنٹ اکسائز سپرنٹنڈنٹ انجی ریڈی نے کہاکہ بہار سے تعلق رکھنے والے راجیو نے کچھ عرصہ قبل حیدرآباد منتقل ہوکر اپنے ایک جان پہچان کے شخص گوتم سے 8500 روپئے میں 1.5 ممنوعہ منشیات خریدے اور اُسے چھوٹے پیاکٹس میں پیاک کرتے ہوئے مادھاپور ہائی ٹیک سٹی میں سافٹ ویر انجینئرس اور طلبہ کو فروخت کررہا تھا۔ محکمہ آبکاری کے عہدیداروں نے بتایا کہ راجیو کو عہدیداروں نے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا جبکہ اُس کا ساتھی پنکج وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ذرائع نے بتایا کہ گوتم کے بھائی چھوٹو لال کو حالیہ دنوں محکمہ آبکاری کے عہدیداروں نے منشیات فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کیا۔ گرفتار شخص کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا گیا۔