انتقال

حیدرآباد ۔ 30 ۔ جنوری : ( راست ) : حیدرآباد کے ممتاز ادیب جناب یوسف امتیاز ( اصل نام مرزا یوسف احمد بیگ ) ولد جناب مرزا حسین احمد بیگ سابق جج ہائی کورٹ حیدرآباد دکن کا ٹورانٹو ( کینڈا ) میں جمعرات 26 جنوری 2017 کو انتقال ہوگیا ۔ ان کی عمر 78 سال تھی ۔ وہ نامور ادیب مرزا فرحت اللہ بیگ کے بھتیجے تھے ۔ ان کی ایک بہن کاچی گوڑہ میں مقیم ہیں ۔ یوسف امتیاز نظام کالج کے گریجویٹ تھے ۔ گریجویشن کے فوری بعد جناب محبوب حسین جگر نے روزنامہ ’ سیاست ‘ میں ہفتہ واری اسپورٹس راونڈ اپ کی ذمہ داری سونپی ۔ مختلف نوعیت کے مضامین بھی ان سے لکھوائے ۔ بیرون ملک روانگی کے بعد بھی یہ سلسلہ جاری رہا ۔ ماہنامہ شگوفہ سے انہیں خاص تعلق خاطر تھا ۔ شگوفہ پبلیکشنز کے زیر اہتمام ان کے مضامین کے چار مجموعے ، ہم بھی تو کھڑے ہیں ( مزاحیہ ) ، پرچھائیاں ( خاکے ) ، نو پرابلم ( مزاحیہ مضامین ) ، پرچھائیوں کے دیس میں ( فلمی شخصیتوں پر خاکے ) کے علاوہ شعری مجموعہ دامن یوسف شائع ہوچکے ہیں ۔ پدم شری جناب مجتبیٰ حسین ، جناب مضطر مجاز ، ڈاکٹر سید مصطفی کمال اور ڈاکٹر محمد علی رفعت نے عرصہ دراز سے حیدرآباد کی ادبی و صحافتی سرگرمیوں سے وابستہ پر خلوص شخصیت و قلم کار کے انتقال پر ملال پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔۔

حیدرآباد ۔ 30 ۔ جنوری : ( راست ) : جناب سید حسین موظف سرکل انسپکٹر محکمہ پولیس ( اے پی ) ولد جناب سید محبوب علی صاحب مرحوم کا مختصر علالت کے بعد اتوار کو انتقال ہوگیا ۔ نماز جنازہ دوشنبہ 30 جنوری کو بعد ظہر مسجد ماما رمضانی ، چھاونی ناد علی بیگ میں ادا کی گئی اور تدفین قریب میں واقع سلطان دائرہ میں عمل میں آئی ۔ پسماندگان میں آٹھ فرزندان ، چار دختران شامل ہیں ۔ دیگر تفصیلات کے لیے موبائل نمبر 9885178632 ۔ 9347385071 پر ربط کریں ۔۔