انتخابی وعدوں سے زیادہ ترقیاتی کاموں کی انجام دہی

ظہیرآباد۔/27فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر بھاری مصنوعات ڈاکٹر جے گیتا ریڈی نے کل شب یہاں علی پور گرام پنچایت میں 35.1لاکھ روپئے کی تخمینی لاگت سے منظورہ مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ نبیاد رکھنے کے بعد اس ضمن میں منعقدہ تقریب کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے اپنے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں سے زیادہ ترقیاتی کام انجام دیئے ہیں۔ اگر پھر ایک مرتبہ آنے والے انتخابات میں اقتدار کانگریس کے حوالے کیا جائے تو مزید ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کیلئے راہ ہموار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے یہاں آنے سے قبل موضع کتور بی میں 5.77کروڑ روپئے کی لاگت سے منعقدہ آبپاشی پراجکٹ کا سنگ بنیاد رکھا ہے جس سے مواضعات کتوربی، مرزا پور، برڈی پاڑ، بچنلی، ستوار، چراغ پلی، ماڑگی، تمکنٹہ کی تین ہزار ایکر زرعی اراضیات سیراب کی جاسکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ آبپاشی پراجکٹ سے ان مواضعات کے کسانوں کی معیشت میں سدھار آئے گا۔ انہوں نے موضع ڈیڈگی میں 5لاکھ روپئے کی لاگت سے منظورہ سی سی روڈ کیلئے سنگ بنیاد رکھنے کا تذکرہ کیا اور کہا کہ اس روڈ کی تعمیر سے موضع کی عوام کو آمدورفت کے لئے آسانی پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کسان دوست حکومت ہے۔

اس نے کئی ایک انقلابی اقدامات کے ذریعہ زرعی شعبہ کو ترقی دی ہے۔ انہوں نے اقلیتوں اور خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے نیز نوجوانوں کو روزگار سے مربوط کرنے کیلئے کئے گئے اقدامات کا بھی تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام سے تلنگانہ عوام کی خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ اس موقع پر سرکردہ قائدین ایم جے پال ریڈی، سرینواس ریڈی، کنڈیم نرسملو، منکال سبھاش، محمد مبین احمد، وتاسائی ریڈی، پارماں سرپنچ، محمد جاوید، محمد زبیر احمد، محمد جمیل کے علاوہ دیگر بشمول سرکاری عہدیداران شموسیا جپائی ایس پی، مورتی ایڈیشنل کلکٹر موجود تھے۔