انتخابی دھاندلیوں کی تحقیقات کیلئے عدالتی کمیشن

اسلام آباد 12 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) اپنے مخالفین کے ساتھ ایک طرح سے نرم رویہ اختیار کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے آج اعلان کیا کہ گذشتہ سال کے انتخابات میں دھاندلیوں کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کا ایک کمیشن قائم کیا جائیگا ۔ انہوں نے قوم کے نام خطاب میں یہ اعلان کیا گیا ۔ ٹی وی سے یہ خطاب راست نشر کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ انتخابات میں دھاندلیوں کے الزامات کی تحقیقات کیلئے ایک کمیشن قائم کرنے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے خواہش کرینگے ۔ اس دوران پاکستان کی قومی اسمبلی میں آج ایک قرار داد منظور کرتے ہوئے جمہوری اداروں کو مستحکم کرنے اور دستور و پارلیمنٹ کی بالا دستی کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان حکومت کے خلاف مہم چلا رہے ہیں اور ان کا مطالبہ ہے کہ ملک میں عبوری حکومت قائم کرکے تازہ انتخاب کروایا جائے ۔