انتخابی جنگ میں کانگریس کی کامیابی یقینی : وجئے شانتی

اسٹار کمپینر کا گاندھی بھون میں زبردست خیرمقدم، فلم اسٹار، 2014ء کے بعد پھر سیاست میں سرگرم

حیدرآباد ۔ 29 ستمبر (سیاست نیوز) فلم اسٹار سے سیاستداں بن جانے والی کانگریس کی اسٹار کیمپنیر وجئے شانتی نے کہا کہ تلنگانہ میں انتخابی جنگ کا بگل بج چکا ہے اور جنگ میں کانگریس کو کامیابی حاصل ہوگی۔ آج گاندھی بھون میں تلنگانہ انتخابی مہم کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں انتخابی مہم چلانے جلسے، جلوس، ریالیاں وغیرہ منظم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صدرنشین انتخابی مہم کمیٹی ملو بٹی وکرامارک نے اجلاس کی صدارت کی۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے اجلاس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ 2014ء میں اسمبلی حلقہ میدک سے شکست کے بعد سیاسی سرگرمیوں سے دور رہنے والی وجئے شانتی آج گاندھی بھون پہنچی جہاں پارٹی قائدین اور کارکنوں نے ان کا شاندار خیرمقدم کیا۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وجئے شانتی نے کہا کہ تلنگانہ میں انتخابی جنگ کا اسمبلی تحلیل کرنے کے بعد عملاً آغاز ہوگیا ہے اور اس جنگ کیلئے کانگریس پوری طرح تیار ہے اور کامیابی بھی کانگریس کو ہی حاصل ہوگی۔ وجئے شانتی نے کہا کہ جنگ میں دشمن کو شکست دیتے ہوئے تلنگانہ کے عوام کو راحت پہنچائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کارگذار چیف منسٹر کے سی آر نے انہیں بہن کہا تھا۔ اب جنگ بھائی اور بہن کے درمیان ہوگی اور عوام ہی جیت اور ہار کا فیصلہ کریں گے۔ وجئے شانتی نے انہیں اسٹار مقرر نامزد کرنے پر صدر کانگریس راہول گاندھی سے اظہارتشکر کیا۔ صدرنشین تلنگانہ انتخابی مہم کمیٹی ملوبٹی وکرامارک نے کہا کہ تلنگانہ کے انتخابات اقتدار کے نشہ میں گھمنڈ و تکبر کا شکار رہنے والے کے سی آر کے خاندان اور ریاست کے عوام کے درمیان ہیں۔ عزت و نفس کی لڑائی لڑتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست حاصل کیا گیا تھا لیکن علحدہ ریاست کے ثمرات سے عوام کو محروم رکھا گیا ہے اور ایک ہی خاندان کو سارا فائدہ پہنچایا گیا ہے۔ ساڑھے چار سالہ دورحکومت کے دوران تلنگانہ میں لوٹ کھسوٹ مچائی گئی ہے۔ انہوں نے سماجی جہدکاروں بالخصوص انقلابی شاعر غدر، جی وینکنا اور ویملا اکا سے کانگریس کا ساتھ دینے کی اپیل کی ہے۔ عوامی حکومت کی تشکیل کیلئے سب کا ساتھ ضروری ہے۔ ملوبٹی وکرامارک نے کہا کہ بس یاترا، جلسے عام اور روڈ شوز سے متعلق پروگرامس کا بہت جلد اعلان کیا جائے گا۔ سابق ریاستی وزیر ڈی کے ارونا نے کارگذار چیف منسٹر کے سی آر پر تلنگانہ کے عوام کو دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا۔