انتخابات کا بائیکاٹ کرنے والی جماعتوں کی مسلمہ حیثیت منسوخ کی جائے

انتخابی نشانات بھی منجمد کئے جائیں،بی جے پی کا الیکشن کمیشن کو مکتوب

جموں ، 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کی طرف سے الیکشن کمیشن آف انڈیا کو ایک مکتوب ارسال کیا گیا ہے جس میں جموں وکشمیر میں بلدیاتی و پنچایتی انتخابات کا بائیکاٹ کرنے والی چار جماعتوں نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی، سی پی آئی ایم اور بی ایس پی کی مسلمہ حیثیت منسوخ کرنے اور ان کو الاٹ کئے گئے انتخابی نشانات کو منجمد کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ بی جے پی جموں وکشمیر یونٹ کے ترجمان بریگیڈیئر انیل گپتا نے ہفتہ کو یہاں ترکوٹہ نگر میں واقع پارٹی دفتر پر ایک کانفرنس میں یہ انکشاف کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کے سیکشن 29 اے (5) کے مطابق جن بھی سیاسی جماعتوں کو مخصوص انتخابی نشانات الاٹ کئے جاتے ہیں، ان پر انتخابات میں حصہ لینا لازمی ہے ۔ اگر وہ انتخابات میں حصہ نہیں لیتی ہیں تو ان کے انتخابی نشانات منجمد کئے جاتے ہیں اور ایسی جماعتوں کی مسلمہ حیثیت کو منسوخ کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا 1992 ء میں شرومنی اکالی دل کا انتخابی نشان منجمد کیا گیا ۔ 1996 میں ہمارے سجاد غنی لون صاحب کی پیپلز کانفرنس کا انتخابی نشان منجمد کیا گیا ‘۔ بی جے پی ترجمان نے کہا کہ بائیکاٹ کرنے والی جماعتوں نے بھارتی آئین کی توہین کی ہے ۔