انتخابات میں کانگریس کا صفایا:دھرمنا پرساد راؤ

حیدرآباد 31 ڈسمبر (سیاست نیوز) سینئر کانگریس قائد و سابق وزیر مسٹر دھرمنا پرساد راؤ نے آج اس بات کی پیش قیاسی کی ہے کہ آئندہ چند ماہ بعد ریاست میں منعقد ہونے والے عام انتخابات میں کانگریس پارٹی کا ریاست آندھراپردیش سے مکمل صفایا ہوجائے گا اور ممکن ہے کہ انتخابات کے بعد ریاست میں کانگریس پارٹی کا وجود بھی نہیں رہے گا۔ کیونکہ کانگریس پارٹی پر سے ریاست کے عوام کا بھروسہ مکمل ختم ہوچکا ہے۔ آج سریکاکلم میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دھرمنا پرساد راؤ نے واضح طور پر کہاکہ سابق میں ریاست کے بعض حلقہ جات اسمبلی میں منعقدہ ضمنی انتخابات میں کانگریس پارٹی کا جو حشر ہوا تھا،

آئندہ انتخابات میں اُس سے بھی بدتر حشر ہوگا۔ انھوں نے کانگریس کی پالیسی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کچھ عرصہ قبل تک ریاست میں کانگریس کا انتہائی طاقتور موقف تھا لیکن آج حالات یکسر بدل چکے ہیں کیونکہ کانگریس پارٹی بنا سوچے سمجھے مخالف عوام فیصلے کررہی ہے۔ اُنھوں نے تلگودیشم پارٹی کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔