انتخابات میں محتاط رہنے اپوزیشن کو مایاوتی کا مشورہ

لکھنؤ 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) 48 گھنٹوں کے الیکشن کمیشن کے امتناع کے ختم ہونے کے بعد بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے جمعرات کو بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپوزیشن پر بے بنیاد الزامات لگارہی ہے کہ وہ وزیراعظم نریندر مودی کو بُرا بھلا کہتے ہیں۔ مایاوتی نے کہاکہ بے بنیاد الزامات لگانے کے علاوہ بی جے پی لیڈر جن میں خود وزیراعظم بھی شامل ہیں، انھیں اپنی زبان پر کوئی قابو نہیں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ان کی زبان بے قابو اور نہایت ہی گندی ہے۔ مایاوتی کا یہ بیان اخبارات کے لئے ہندی میں جاری کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ اُنھوں نے اپوزیشن کو بھی چوکنا کیاکہ وہ محتاط رہیں اور بی جے پی کو اس طرح عوامی احساسات کے استحصال اور اپنی کمزوریوں کو چھپانے کا موقع نہ دیں۔ مایاوتی اُن چار قائدین میں شامل ہیں جن پر الیکشن کمیشن نے پابندی عائد کردی تھی۔ مایاوتی کی امتناعی مدت ختم ہوگئی مگر آدتیہ ناتھ پر پابندی ایک دن بعد ختم ہوگی۔