انتخابات میں عمران خاں کی جیت پر جالندھر میں خوشی کی لہر

جالندھر ۔ 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پنجاب کے ضلع جالندھر میں واقع گنجان آبادی والی بستی دانشمنداں کی تنگ گلیوں میں عمر رسیدہ افراد کا ایک گروپ پاکستانی عام انتخابات کے نتائج پر گپ شپ کرتا دیکھا گیا اور بات چیت کے دوران اکثر بزرگوں کے جھریوں والے چہروں پر فخر کا احساس عیاں تھا جس کی وجہ کچھ اور نہیں بلکہ کرکٹر سے سیاستداں بننے والے عمران خاں تھے جو پڑوسی ملک کے متوقع وزیراعظم سمجھے جارہے ہیں۔ بستی دانشمنداں کے ساکن 65 سالہ فقیرچند نے کہا کہ ’’عمران کا ننھالی خاندان اس مقام پر تھا۔ عمران کی والدہ شوکت خانم اس مقام سے ہی تعلق رکھتی ہیں۔ ان کا خاندان 1940ء میں یہاں اسلامیہ کالج کے قیام کا محرک تھا۔ اس بوڑھے شخص نے ’’پیلی کوٹھی‘‘ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ شوکت خانم کے خاندان کی کوٹھی تھی‘‘۔ ہمارے بزرگ کہتے تھے کہ عمران کی ماں اسی کوٹھی میں پیدا ہوئی تھیں‘‘۔ اس علاقہ میں عمران کے دادھیال کی جائیدادیں بھی تھیں جنہیں تقسیم کے بعد انہوں نے چھوڑ دیا تھا۔ ایک اور ساکن رویندر دھیر نے جو کھیل ادیوگ سنگھ کے صدر بھی ہیں دعویٰ کیا کہ عمران نے چار سال قبل اپنے چند ارکان خاندان کے ساتھ اس علاقہ کا دورہ کیا تھا۔