انتخابات مودی کو دوبارہ منتخب کرنے محض ضابطہ کی کارروائی : بی جے پی

امپھال 31 مارچ ( یاست ڈاٹ کام ) بی جے پی نے آج کہا کہ مجوزہ لوک سبھا انتخابات نریندر مودی کو دوبارہ وزیر اعظم مقرر کرنے محض ایک ضابطہ کی کارروائی ہیں۔ بی جے پی کے ترجمان نلن کوہلی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی انتخابات ‘ جس کا پہلا مرحلہ 11 اپریل کو ہوگا ‘ صرف مودی کی کارکردگی اور ان کی قیادت کے تعلق سے ہیں اور یہ طئے کرینگے کہ وہ ہندوستان کو کس طرح آگے بڑھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات محض ضابطہ کی کارروائی ہیں تاکہ وزیر اعظم کی حیثیت سے نریندر مودی کو دوبارہ منتخب کریں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کو غریبوں کی پرواہ ہے اور وہ انہیں کیلئے اور خاص طور پر شمال مشرقی علاقہ کیلئے کام کرتے ہیں۔ کوہلی نے کہا کہ بی جے پی نے ہمیشہ ہی شمال مشرقی ریاستوں سے اچھے رابطے رکھے ہیں۔ منی پور میں لوک سبھا کی دو نشستیں ہیں اور دونوں ہی پر کانگریس کا قبضہ ہے ۔ بی جے پی ان حلقوں سے کامیابی حاصل کرنے کوشاں ہے ۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ان دونوں ہی حلقوں سے اس بار بی جے پی کو کامیابی حاصل ہوگی ۔